فیصل آباد (آئی این پی )فیصل آباد میں خاتون کے قتل کا معمہ سلجھ گیا۔ شوہر نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کا اقرار کرلیا ہے۔خاوند نے بیوی کو قتل کرکے معاملہ بیٹے پر ڈال دیا تھا اورجرم چھپانے کے لیے کہانی بنائی تھی کہ سات سالہ بیٹے اذان کے ہاتھوں کھیلتے ہوئے پسٹل چل گئی جس سے اس کی ماں ہلاک ہوئی۔فیصل آباد پولیس کے مطابق ملزم نے اقرا جرم کرلیا
ہے۔ ملزم رضوان نے سوتے ہوئے بیوی کو قتل کیا۔واضح رہے متقولہ کی بہن نے بھی اپنے بہنوئی پر قتل کا الزام لگایا تھا۔ مقتولہ کی بہن نوشین کی مدعیت میں خاوند رضوان کے خلاف 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پاکستان میں شوہر کا اپنی بیوی کا قتل کردینا کوئی نئی بات نہیں اور نا ہی یہ کوئی پہلا کیس ہے۔ حال ہی میں ایک ہفتے قبل بھی پنجاب کے شہر قصور میں ایسا ہی ایک ہولناک واقعہ پیش آیا تھا۔جس میں کوٹ رادھا کشن میں گھریلو جھگڑے کے بعد بھٹہ مزدور (خاوند) نے اہلیہ اور 3 بچوں کو قتل کر دیا تھا۔ یہ لرزہ خیز واردات مدھ کے دھاریوال میں ہوئی تھی۔ محمد جابر نے گھریلو جھگڑے کے بعد تیز دھار آلے سے اہلیہ اور تین بچوں کو قتل کیا تھا۔قتل ہونے والوں میں جابر کی اہلیہ 28 سالہ نازیہ، 12 سالہ بیٹا نوید، تین سالہ بیٹی عطیہ اور دوماہ کا بیٹا تنویر شامل تھے جبکہ بیٹا شبیر شدید زخمی ہوگیا تھا جسے علاج کے لیے کوٹ رادھا کشن اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔پولیس نے کوٹ رادھا کشن پولیس نے ملزم جابر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا تھا۔