اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) ملائیشین وزیراعظم کو” نشان پاکستان “کے اعزازسے نواز دیا گیا،صدر مملکت عارف علوی نے ملائیشین وزیراعظم کو نشان پاکستان کا اعزاز دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایوان صدر میں ملائیشین وزیراعظم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ایوان صدر میں ڈاکٹر
عارف علوی نے ملائیشیاء کے وزیراعظم کا استقبال کیا۔جبکہ صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ملائیشین وزیراعظم کو نشان پاکستان کا اعزازبھی دیا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہاتیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔مہاتیر کا دورہ پاکستان قابل فخر ہے۔ کل قوم دن یوم پاکستان ہے۔ ہر پاکستانی مہاتیر کے قائدانہ کردار کی تعریف کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جس کے پاس نظریہ ہو، جو نظریے اور مشکل وقت میں کھڑا ہوسکے۔ مہاتیر محمد ایسے لیڈر ہیں جو ایشوز پر کھڑے ہوجاتے ہیں، بدقسمتی سے دیگر لیڈر ایشوز پر کھڑے نہیں رہتے کیونکہ وہ لیڈرز نہیں ہوتے۔ مہاتیر محمد ایسی بات بھی کہہ دیتے ہیں جودوسرے مسلمان لیڈر کہنے سے ڈرتے ہیں، اصل میں جو لیڈر بات کہنے سے ڈرتے ہیں وہ لیڈرز نہیں بلکہ آفس لیڈر ہوتے ہیں۔مہاتیر نے ملائیشیاء کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ ملائیشیاء مسلم ممالک میں ایک مثالی ماڈل ملک ہے جس نے اپنے وسائل سے ترقی کی ہے۔ مہاتیر کی قیادت میں ملائیشیاء خود کفیل بن گیا۔ ہم بھی ملائیشیاء کے تجربات
سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مہاتیر یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔یہ وہ دن ہے جب 1940ء میں قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی۔اس وقت پاکستان کے عظیم لیڈر قائداعظم نے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ ایسا وقت ہے جب وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں۔ تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تاجروں میں اشتراک بڑھایا جا سکے۔