Thursday January 23, 2025

ہمارے بچوں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش نہ کی جائے چودھری شجاعت نے اپنے صاحبزادے کے حوالے سے چونکا دینے والا بیان دے ڈالا

ہمارے بچوں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش نہ کی جائے چودھری شجاعت نے اپنے صاحبزادے کے حوالے سے چونکا دینے والا بیان دے ڈالا

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بعض اینکروں کے ذریعے جھوٹی داستانیں سنا کر ہمارے خاندان کو بدنام کرنے والے ناکام رہیں گے، ہم نے پی ٹی آئی سے انڈرسٹینڈنگ کے تحت وفاقی وزارت کیلئے مونس الٰہی کانام دیا ہے، ہمارے بچوں میں پھوٹ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی

کیونکہ ان کی تربیت چودھری ظہورالٰہی شہید کے بنائے ہوئے اصولوں پر ہوتی ہے۔ میڈیا کی بعض بے بنیاد اطلاعات کے حوالے سے چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا کہ ہمارے خاندان کے خلاف پراپیگنڈہ میں وہ لوگ شامل ہیں جن کی یہ عادت بن چکی ہے کہ وہ بغیر کسی ثبوت کے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اپنی مشہوری کیلئے بعض اینکروں کے ذریعے جھوٹی داستانیں سناتے ہیں، ان میں بعض پنجاب کی چیف منسٹری کے بھی امیدوار ہیں، ہماری پی ٹی آئی سے انڈرسٹینڈنگ کے مطابق وفاق اور پنجاب میں دو، دو وزارتیں ملنا تھیں پنجاب میں تو دو وزارتیں مل گئی ہیں وفاق میں ابھی ایک باقی ہے جس کیلئے مونس الٰہی کا نام دیا ہے جو سب سے بڑا اور تجربہ کار ہے جس نے پچھلا الیکشن 26 ہزار اور اس مرتبہ الیکشن 51 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے جیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے گھر سے تین بچے رکن قومی اسمبلی ہیں، بعض اخبار نویس اور ٹی وی کے لوگ بھائیوں کو اس طرح کہہ کر گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ مونس الٰہی کی بجائے آپ میں سے کوئی منسٹر بن جائے لیکن وہ ان لوگوں کو سختی سے منع کرتے ہیں کہ ہمارے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارے بچے جب سے سیاست میں آئے ہیں بعض لوگ اسی طرح کی اوچھی حرکتیں کرتے رہتے ہیں جس سے کوئی اثر نہیں پڑتا، میں ایسے عناصر کو باور کروانا چاہتا ہوں کہ ہمارے خاندان کے تمام بچوں کی تربیت چودھری ظہورالٰہی شہید کے بنائے ہوئے اصولوں پر قائم ہے اس طرح کا منفی تاثر دینے والے انشاء اللہ ناکام رہیں گے۔

FOLLOW US