Thursday January 23, 2025

سپیکر سندھ اسمبلی کے بعد نیب کی پیپلز پارٹی کے ایک اور رُکن اسمبلی کو گرفتار کرنے کی کوشش

سپیکر سندھ اسمبلی کے بعد نیب کی پیپلز پارٹی کے ایک اور رُکن اسمبلی کو گرفتار کرنے کی کوشش

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی کو گرفتار کرنے کی کوشش، رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو صوبائی اسمبلی کی عمارت کے باہر اپنی بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رکن اسندھ اسمبلی اور سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کو گرفتار کرنے کیلئے سندھ اسمبلی پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ تاہم جام خان شورو نیب کی ٹیم کی آمد کا معلوم ہوتے ہی اپنی بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوگئے۔ نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے

سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کے خلاف فنڈز میں خوردبرد، غیرقانونی الاٹمنٹس اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات جاری ہے۔ ان کے وارنٹ گرفتاری چیئرمین نیب کی منظوری سے جاری کئے گئے تھے۔ نیب نے جام خان شورو کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں تھیں جنہوں نے حیدرآباد اور کراچی میں چھاپے مارے تھے۔ نیب ذرائع نے بتایاکہ جام خان شورو نے کے ڈی اے کے 19پلاٹ غیرقانونی فروخت کیے، جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔ تاہم سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرکے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی تھی۔ عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں جام خان شورو نےموقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نیب کو ان کی گرفتاری سے روکے، وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے۔ تاہم اب جام خان شورو نیب کی گرفتاری سے بچنے کیلئے سندھ اسمبلی کی عمارت سے فرار ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ جام خان شورو پی ایس 62 حیدرآباد سے رکن سندھ اسمبلی ہیں۔ سابق دور حکومت میں جام خان شورو صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ تھے۔ خیال رہے کہ 2017 میں نیب نے سابق صوبائی وزیر کے خلاف سرکاری زمینوں پر قبضے کی بھی تحقیقات شروع کی تھیں۔ وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کی کرپشن سے پردہ بے نقاب ہوا تھا، جس کے مطابق وہ فشریز کے وزیر بننے کے بعد نثار مورائی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق وزیربلدیات جام خان شورو اور نثارمورائی کے گٹھ جوڑ نے کرپشن کی تاہم برے حالات میں صرف نثار مورائی پھنس گیا۔جام خان شورو اور نثارمورائی دونوں ذوالفقارمرزا کے بہت قریبی ساتھی رہے۔جام خان شورو اور نثار مورائی نے ذوالفقارمرزا کو چھوڑ کر حکومت میں اہم عہدے حاصل کیے جبکہ جام خان شورو نے نثار مورائی کو فشریز کا کرتا دھرتا بنادیا۔ کروڑوں کی مبینہ کرپشن کے متعلق اداروں نے اصل کردار کو چھوڑ کر صرف نثار مورائی پر ہاتھ ڈالا تاہم اب جام خان شورو کی باری بھی آگئی ہے۔

FOLLOW US