چودھری نثار اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں سیاسی یتیم اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چوہدری نثار تاریخی شکست کے بعد حواس کھو بیٹھے ہیں،سیاسی یتیم اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں، پاکستان کے عوام وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیت اور سیاسی بصیرت پر پورا یقین رکھتے ہیں،حلف نہ اٹھانے پر انھیں صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے بھی فارغ کیا جائے.عوامی خدمت کا جذبہ ہوتا تو صوبائی اسمبلی کا حلف اٹھا لیتے۔ یہ بات وفاقی وزیر پیٹرولیم، غلام سرور خان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ
چوہدری نثار علی خان کی طرف سے ہفتے کے روز روات میں کارکنوں سے خطاب میں دیے گئے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی.انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تاریخی شکست چوہدری نثار کے غرور و تکبر کا نتیجہ ہے وہ الیکشن قومی خدمت کے جذبے سے نہیں بلکہ ذاتی مفادات اور خودنمائی کے لئے لڑتے ہیں.اگر انہیں عوامی خدمت کا خیال ہوتا تو یہ خدمت صوبائی اسمبلی کے فورم سے بھی کی جا سکتی تھی.وفاقی وزیر پیٹرولیم ،غلام سرور خان نے کہا کہ چوہدری نثار نے اپنے بیان میں خود تسلیم کیا ہے کہ انتخابات سے قبل ان کی قیمت لگائی گئی.قیمت بکا مال کی ہی لگائی جاتی ہے.ان کا شکریہ کہ انہوں نے خود تسلیم کر کے ثبوت عوام کے سامنے پیش کردیاانہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پاکستان کے 22کروڑ عوام کے مقبول ترین رہنما بن کے ابھرے ہیں اسی لئے آج پورا ملک عمران خان کی قیادت میں اتحادویگانگت کاعملی مظاہرہ کر رہا ھے۔مگر یہ بات چند مستردشدہ سیاستدانوں کو کسی طور ہضم نہیں ہو رہی اوریہ سیاسی بونے عمران خان کو بے جا تنقید کا نشانہ بنا کر اپنا قد اونچا کرنے کے چکر میں ہیں لیکن شاید وہ یہ بات بھول گئے ہیں کہ ان کو پاکستان کے عوام اور ایوان دونوں نے ٹھکرادیا ھے اور اب انکی حیثیت نہ گھر کی ھے نہ گھاٹ کی۔غلام سرورخان نے کہا کہ ملک کو درپیش حالیہ مشکل صورتحال میں وزیراعظم عمران خان نے جس طرح قوم کے جذبات کی ترجمانی کی اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اس سے پاکستان کے عوام اور افواج کا حوصلہ بلند ھوا اور اس تاثر کو تقویت ملی کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ھے لیکن
اگر کوئی دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ اٹھائے گا تو اسے اسکا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان ہی کی شخصیت کا کرشمہ ھے کہ آج ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے تمام ادارے ایک ہی پیج پر ہیں۔اس کے باوجود بھی اگر کوئی سیاسی یتیم عمران خان جیسےعظیم رہنما کو مشورے دے رہا ہے تو عوام کو یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ دال میں ضرور کچھ کالا ھے چونکہ ان صاحب کو انکی پارٹی اور عوام دونوں نے مسترد کر دیا ھے اسلیئےاب انکو مشیر بننے کی حسرت ستا رہی ھے۔ ساری زندگی پٹواریوں کے دم پر سیاست کرنے والے ان صاحب کو اب یہ بات جان لینا چاہیئے کہ پاکستان کے غیور عوام دوبارہ انکے جھانسے میں نہیں آنے والے۔ عوام نے تحریک انصاف اور عمران خان کو جو مینڈیٹ دیا ھے اسکی وجہ انہی جیسے مفادپرست سیاستدان ہیں جنہوں نے اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے بڑی بے دردی کیساتھ لوٹا ھے جسکا خمیازہ پوری قوم گزشتہ 70 سال سے بھگت رہی ھے۔ کسی قسم کا کوئی ذریعہ معاش نہ ھونے کے باوجود بھی ان صاحب کا اربوں پتی بن جانا اس بات کا عملی ثبوت ھے۔غلام سرور خان نے کہا تحریک انصاف کی حکومت عوام کی منتخب کردہ ھے جسکی قیادت عمران خان جیسا باصلاحیت اور نیک نیت قائد کر رہا ھے۔پاکستان تحریک انصاف نے باقی ماندہ پارٹیوں کی طرح کسی ڈکٹیٹر کی کوکھ سے جنم نہیں لیا بلکہ تبدیلی کا منشور لیکر چوروں اور لٹیروں کا احتساب کرنے ایوان میں آئی ھے اور اس میں کسی ایسے شخص کی کوئی گنجائش نہیں ھے جواگر یہ کہہ دوں اگر وہ کہہ دوں کے نعرے لگا کر ملک میں بھونچال برپا کرنے کے دعوے کرتا رہتا ھے ۔