Wednesday November 27, 2024

بھارت نے پلوامہ حملے کی تحقیقات کی عمران خان کی پیشکش کا جواب دے ڈالا

بھارت نے پلوامہ حملے کی تحقیقات کی عمران خان کی پیشکش کا جواب دے ڈالا

نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے عمران خان کی جانب سے پلوامہ حملے کی تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کر دیا اور ہرزہ سرائی کی ہے کہ یہ محض حیلے بہانے ہیں، واقعہ پر عمران خان کا رد عمل حیران کن نہیں،پاکستانی وزیراعظم نے نہ تو دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور نہ ہی سوگوار خاندانوں سے اظہار افسوس کیا،ممبئی حملوں کے ثبوت بھی

پاکستان کو پیش کئے گئے لیکن دس سال گزرنے کے باوجود اس مقدمے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،عمران خان نے واقعہ کی مذمت کی بجائے اس حملے کو بھارت کے عام انتخابات پر منسلک کردیا، پاکستان عالمی برادری کو گمراہ کرنا چھوڑ دے اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور نظرآنے والا ایکشن لے، نیا پاکستان یہ ہے کہ وزراء دہشتگردوں کے ساتھ اکٹھے سٹیج پر بیٹھے ہوتے ہیں ۔ منگل کو معروف بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عمران خان کی جانب سے پلوامہ حملے پر دیا گیا رد عمل کوئی حیران کن نہیں ہے، عمران خان نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے پاس کشمیر میں ہونے والے حملوں بارے کوئی ثبوت نہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں اس بات پر کوئی حیرانی نہیں کہ پاکستان نے پلوامہ میں حملے کو ایک دہشت گردی کا اقدام تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم نے نہ تو اس گھناؤنے حملے کی مذمت کی کوشش کی اور نہ ہی سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کسی بھی دہشت گرد گروہ سے رابطوں کو مسترد کرنا پاکستان کی جانب سے بار بار دہرائی جانے والی معذرت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی وزیراعظم کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کاروائی کےلئے ثبوت مانگنا برے حیلے بہانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو ممبئی حملوں کے حوالے سے بھی ثبوت فراہم کئے گئے تھے تاہم دس سال گزرنے کے

باوجود اس کیس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، پاکستان کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی کے باوجودکارروائی کی گارنٹی محض کھوکھلا دعویٰ نکلا۔ ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی جانب سے اس دہشت گرد حملے کو بھارت کے عام انتخابات سے منسلک کرنے کی کوشش کی گئی، بھارت ان جھوٹے الزامات کو مسترد کرتا ہے، بھارت پوری دنیا کےلئے ایک مثالی جمہوریت ہے جس کو پاکستان کبھی نہیں سمجھ سکے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی برادری کو گمراہ کرنا چھوڑ دے اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور نظرآنے والا ایکشن لے۔ عمران خان کے نیا پاکستان بنانے کے بیان پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس میں وزراءحافظ سعید جیسے دہشت گرد کے ساتھ سٹیج پر اکٹھے بیٹھتے ہوتے ہیں جبکہ پاکستان کے دہشت گردی کا شکار ہونے کے وزیراعظم کے ریمارکس پر بھارت نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ واقعی پاکستان دہشت گردوں کا اعصابی مرکز ہے۔ بھارت وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ جیش محمد اور اس کے لیڈر مسعود اظہر کاپاکستان سے ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے، اس لئے پاکستان ایکشن لے

FOLLOW US