شریف خاندان کے بچوں اور اسحاق ڈار کی پاکستان واپسی
لاہور(آئی این پی) نیب کا شر یف خاندان کے بچوں ‘سینیٹر اسحاق ڈار اور دیگر اشتہاری ملزمان کو بیرون ملک سے پاکستان واپس لانے کےلئے انٹرپول سے ایک مرتبہ پھر رابطے کا فیصلہ ‘میاں شہبا زشر یف کے داماد علی عمران کو بھی پاکستان لایا جائےگا ۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کے تمام بیوروز کو اشتہاری قرار
دیئے گئے ملزمان کو وطن واپس لانے کےلئے ہدایات جاری کررکھی ہیں، جس کی روشنی میں نیب بیوروز نے فرار ملزمان کی واپسی کےلئے اقدامات شروع کردئیے ہیںنیب نے بیرون ملک فرار ہونے والے افراد کو واپس لانے کےلئے ایک بار پھر انٹرپول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں نیب آئندہ چند روز میں وازرت داخلہ کے ذریعے انٹرپول سے باقاعدہ رابطہ کرے گا میاں نواز شریف کے دونوں بیٹے حسین اور حسن نواز، شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز، داماد علی عمران، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور صاحبزادے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے داماد مصطفی امجد سمیت کئی ملزمان بدعنوانی مقدمات میں عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں اور وہ اس وقت مختلف ممالک میں قیام پزیر ہیں۔