Friday October 18, 2024

بھارتی دہشتگرد کلبھوشن کی پاکستان میں دہشتگردی کے ثبوت پیش

مانچسٹر(آئی این پی ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا،نیا پاکستان بہترین طرزحکمرانی کی مثال بنے گا،بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا ہے،19 فروری کو عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے)میں بھارتی

جاسوس کلبھوشن جادیو سے متعلق مضبوط کیس پیش کریں گے،ہمارے پاس ثبوت ہیں اور ہمارا کیس مضبوط ہے، پاکستان افغانستا ن میں قیام امن میں فعال کرداراداکررہاہے ، پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی،برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے،ہم افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔ مانچسٹر میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے موجودہ حکومت پربھرپوراعتماد کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوسہولتیں دینے کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی توبہت سے چیلنجزکا سامنا تھا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں ایمانداری کی سیاست کی بنیاد رکھی ہے،عمران خان کوان کی ایمانداری اوربہترین وژن کی وجہ سے منتخب کیا گیا، پاکستان کی ترقی کے لیے عمران خان کے ساتھ شامل ہوا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ مشکلات کا سامنا کیا، عمران خان نے جوکہا وہ کرکے دکھایا، تبدیلی اوربہتری کے لیے وقت درکارہوتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زرکے ذریعے معاونت کررہے ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کا حق دیا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ نیا پاکستان بہترین طرزحکمرانی کی مثال بنے گا، موجودہ حکومت کی میٹرو، موٹرویزکے بجائے تعلیم اورصحت پرتوجہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں عوام نے موجودہ حکومت کو کرپشن ختم کرنے کا مینڈیٹ دیاہے، 70 سال کا بگاڑ 6ماہ میں درست کرناممکن نہیں تاہم حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں جس کے لیے عوام نے تحریک

انصاف کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی قابل قدرہیں، پاکستان بنا سرٹیفکیٹ اوورسیزپاکستانیوں کیلیے سرمایہ کاری کاموقع ہے جب کہ ہماری نئی ویزہ پالیسی سے آمدورفت میں بہتری آئے گی۔قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگردکلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے لہذا پاکستانی ٹیم کلبھوشن کیس میں 19 فروری کو شواہد پیش کرے گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا تاہم پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیرمیں بین الاقوامی مبصرین اورصحافیوں کوخوش آمدید کہیں گے، مسئلہ کشمیرپرسابق حکومت کارویہ معذرت خواہانہ تھا جب کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے ہمیشہ سے تیار ہے۔افغان امن کے حوالے سے سوال پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کااہم کردار ہے اور پاکستان پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے کہا کہ پرامن اورترقی یافتہ افغانستان ہمارے مفاد میں ہے۔شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستانی کردار کو سراہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہم افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔

FOLLOW US