سانحہ ساہیوال پر عمران خان نے اپوزیشن کی بات مان لی
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی حکومت نے سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر رضامندگی کا اظہار کرلیا،وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مطالبہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، اپوزیشن بتائے کہ تحقیقات میں کون سے افسران کو شامل کریں، سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سانحہ
ساہیوال کا معاملہ اٹھایا گیا۔ اس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ساہیوال واقعہ کی خود مانیٹرنگ کررہا ہوں، اپوزیشن کے مطالبہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کو تیار ہیں، اپوزیشن چاہے تو نئی جے آئی ٹی بھی تشکیل دے سکتے ہیں، اپوزیشن بتائے تحقیقات میں کون سے افسران کو شامل کرنا ہے، ساہیوال واقعہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شفاف تحقیقات کرا کر حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، اپوزیشن جوڈیشل کمیشن کیلئے اپنے ارکان کے نام دینا چاہتی ہے تو دے سکتی ہے۔