Wednesday November 27, 2024

پاکستان کے کس صوبے میں حکومت گرائی جانے والی ہے حامد میر کی پیشگوئی سولہ آنے درست ثابت ہونا شروع

پاکستان کے کس صوبے میں حکومت گرائی جانے والی ہے حامد میر کی پیشگوئی سولہ آنے درست ثابت ہونا شروع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں بی این پی کے صدر سعید ہاشمی اور سرپرست ملک خدا بخش نے وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے، اس طرح معروف صحافی حامد میر کی پیشگوئی سچ ثابت ہو گئی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور فضل الرحمان کے آپس

میں رابطے ہیں اور وہ بلوچستان حکومت گرانا چاہتے ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے سعیدہاشمی اورملک خدابخش نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کے لیے سپیکر صوبائی اسمبلی قدوس بزنجو، جان جمالی، اختر مینگل، یار محمد رند اور دیگر رہنماؤں سے رابطے شروع کر دیے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر یہ دھڑے بندی کامیاب ہو جاتی ہے تو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب جے یو آئی، عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان اسمبلی میں جام کمال کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کے لیے پہلے سے ہی متحرک ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے سعید ہاشمی اور ملک خدا بخش سخت ناراض ہیں، ان رہنماؤں نے قدوس بزنجو، جان جمالی، صالح بھوتانی، طارق مگسی، وینش کمار، یار محمد رند کے برادر نسبتی عامر رند اور دیگر سے دھڑے بندی کے لیے رابطہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ معروف صحافی حامد میرنے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہا تھا کہ جوڑ توڑ اور حکومت گرانے کی تیاریاں عروج پر ہیں، انہوں نے کہا تھاکہ بلوچستان حکومت کوگرانے کے لیے جوڑ توڑ ہو رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ اس کے مرکزی کردار سردار اخترمینگل، مولانا فضل الرحمان اور کچھ آزاد لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے مولانا فضل الرحمان کا کئی دنوں سے رابطہ ہے اور ان کے علاوہ بھی کچھ سیاسی رہنماؤں کا آپس میں رابطہ ہے، آصف زرداری سے سردار اختر مینگل بھی مل چکے ہیں،معروف صحافی نے بتایا کہ اس وقت جوڑ توڑ اور رابطے تین چار جگہ چل رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ایک جانب کراچی میں جوڑ توڑ جاری ہے تو دوسری جانب پنجاب میں، تیسری طرف بلوچستان اور چوتھی طرف سینٹ میں بھی رابطے ہو رہے ہیں، معروف صحافی نے بتایا کہ میاں نواز شریف اور آصف علی زرداری میں رابطے ہیں لیکن اس وقت یہ لوگ تحریک انصاف کی حکومت کو گرانا نہیں چاہتے، ان کی سب سے زیادہ توجہ اس وقت بلوچستان پر ہے۔

FOLLOW US