Friday January 24, 2025

آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں بات بڑھ گئی تین انتہائی اہم شخصیات کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے

آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں بات بڑھ گئی تین انتہائی اہم شخصیات کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے

لاہور(آئی این پی)احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں ملوث تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی جبکہ پیش نہ ہونے پر تین ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ، کمرہ عدالت میں شہباز شریف کے وکیل اور دیگر 8ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں بھی فراہم کر دی گئیں۔ جمعرات کے روز احتساب عدالت کے جج سید

نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔فواد حسن فواد ،احد چیمہ، شاہد شفیق ،امتیاز حیدر اور بلال قدوائی سمیت 8ملزمان کو پیش کیا گیا۔نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزم ندیم ضیاء فرار اور اسکے گھر کو تالے لگے ہیں جبکہ کامران کیانی اور خالد حسین بھی مفرور ہیں۔جس پر عدالت نے کامران کیانی، خالد حسین اور ندیم ضیا کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ شہباز شریف کیوں پیش نہیں ہوئے۔جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں موجود ہیں ،پبلک اکائونٹس اور لاء کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرنا ہے۔جیل سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے عدالت میں شہباز شریف کے پروڈکشن آڈر جمع کروائے گئے۔عدالت نے کہاکہ شہباز شریف کا راہداری ریمانڈ صرف اسمبلی سیشن کے ختم ہونے تک دیا تھا،شہباز شریف کو اسکے بعد کیوں پیش نہیں کیا گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف کے پروڈکشن آڈر اسپیکر قومی اسمبلی جاری کرسکتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ عدالت اس طرح اندھیرے میں نہیں رہ سکتی۔عدالت نے کمرہ عدالت میں موجود 8 ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کرتے ہوئے ملزمان احد چیمہ، بلال قدوائی، امتیاز حیدر وغیرہ کو 10جنوری کو دوبارہ احتساب عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ بعد ازاں شہباز شریف کو بھی ریفرنس کی کاپیاں فراہم کر دی گئیں۔انکے وکیل امجد پرویز کے جونیئر چوہدری محمد نواز نے کاپیاں وصول کیں۔آشیانہ اقبال کیس میں 9 ملزمان کو ریفرنس کاپیاں تقسیم کر دی گئی ہیں۔

FOLLOW US