Monday January 27, 2025

وزیر خزانہ اسد عمر نے پا کستانی عوام کو ایک اور بڑی خبر سنا دی

وزیر خزانہ اسد عمر نے پا کستانی عوام کو ایک اور بڑی خبر سنا دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہمسائیہ ممالک کے ساتھ تجارتی حجم کو بڑھا کر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے، معاشی بحران کا خاتمہ ہمارے منشور کا حصہ ہے، دوست ممالک کے دورے کے بعد کہہ چکا ہوں کہ ہمارا فوری معاشی بحران ختم ہو چکا ہے، صنعتوں کو اضافی گیس اور بجلی فراہم کریں گے، گیس کے نرخ سے متعلق فیصلہ بھی ہو چکا ہے، پٹرول مہنگا نہیں سستا کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے قبل پاکسان کا بجٹ خسارہ 230 ارب روپے تھا، ہمارے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ خسارہ کم ہو کر اب 130 ارب روپے رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل مل، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے سمیت دیگر قومی اداروں کے مالی خسارے میں کمی اور ان کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے تمام اختیارات پر غور کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے شروع کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کامیاب غیر ملکی دوروں کے بعد ملنے والی اقتصادی امداد سے ملکی معیشت کو ٹریک پر لانے میں کافی مدد ملی ہے، ملایشیاء کے دورے کے دوران سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوئیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔وفاقی

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بنک آف پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کو حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہونا چاہیئے اور ملکی ترقی کے لیے انہیں آزادانہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ریاستی اداروں میں مالی نقصانات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں سے مالیاتی نقصانات کو کم کرنے اور پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ان کی کارکردگی اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار اب پاکستان میں بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں تمام سرمایہ کاروں کا سرمایہ بالکل محفوظ ہے، وزیراعظم عمران خان کے چین کے دورے کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا چین کا دورہ انتہائی کامیاب رہا جس دوران موجودہ حکومت کو چین سے ایک بڑا اقتصادی پیکج ملا ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی میں مددگار ثابت ہو گا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک کی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔

FOLLOW US