Monday January 27, 2025

ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں اپوزیشن لیڈر نے کپتان کے بارے میں چونکا دینے والی بات کہہ ڈالی

ڈونلڈ ٹرمپ عمران خان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں اپوزیشن لیڈر نے کپتان کے بارے میں چونکا دینے والی بات کہہ ڈالی

جیکب آباد( آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کی چیئرمین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے 100دنوں کی بات پر یوٹرن لے کر دنوں کو 100مہینوں میں تبدیل کردیا، چینی سفارتخانے پر حملہ بلوچستان میں بے چینی کا مظہر ہے، بلوچستان میں ”باپ“ کی حکومت سے ”بیٹے “ مطمئن نہیں ”باپ“ کی تبدیلی کے آثار نمایاں ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ بھی یوٹرن اور غلطیوں میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے کیوں کہ عمران خان نے یوٹرن اور غلطیوں میں اچھے بھلے لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ،فیصل واوڈا کی چینی سفارتخانے پر حملے کے وقت کمانڈو انٹری انگلی کٹا کرشہیدوں میں نام لکھوانا ہے،علیمہ خان این آر او کر چکی ہیں، این آر او اب متعدی مرض کے طور پر سیاسی عناصر کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔جیکب آباد کے صحافیوں سے اتوار کے روزگفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ این آر او کے حوالے سے جو دعویٰ کیا جارہا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کچھ کچھڑی ضرور پک رہی ہے اور ظاہر ہے کہ جو کچھڑی پکانے والوں کے قریب ہیں ان کو خوشبو آرہی ہے ،اس لیے عمرا ن خان بار بار این آر او کی بات کررہے ہیں ،عمران خان این آر او دینے کے لیے اہل نہیں وہ صرف اطلاع دے رہے ہیں ،این آر او دینے والے اور لینے والوںکو سب جانتے ہیں، اس وقت عمران خان کے قریبی ساتھی اور ان کی ہمشیرہ علیمہ خان این آر او سے مستفید ہورہے ہیں ، این آر او اب متعدی مرض کے طور پر ایک بار پھر ماضی کی طرح سیاسی عناصر کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، انہوںنے کہا کہ احتساب سب کے لیے ہوتا تو سب اس کی لپیٹ میں آتے لیکن اب احتساب کرنے والے فرمائشی احتساب کررہے ہیں، پورے ملک میں تجاوزات کے نام آپریشن ہورہا ہے اور سائن بورڈ بھی اتارے جارہے ہیں مگر بنی گالہ محل کو چند پیسوں پر قانونی قرار دیا جاتا ہے ،احتساب اور انصاف کے پیمانے مختلف ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے 100دنوں کی بات پر یوٹرن لے لیا ہے، اب 100دنوں کو 100مہینوں میں تبدیل کردیا گیا ہے، اب کہتے ہیں کہ 100دن کے بجائے 100مہینوں میں ثمرات سامنے آئیں گے،حالانکہ 5سال میں بھی صرف 60مہینے ہوتے ہیں ،

انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے پر حملہ بلوچستان میں بے چینی کا مظہر ہے، جنہوں نے ذمہ داری قبول کی ہے اس سے ثابت ہوا ہے کہ پورے ملک میں جو اس طرح کے واقعات ہورہے ہیں ان کی نوعیت الگ ہے، کے پی کے میں جو واقعات ہورہے ہیں ان کی وجوہات الگ اور چینی سفارتخانے پر جو کچھ ہوا ہے اس کی وجوہات الگ ہیںبلوچستان میں ”باپ “ کی حکومت کے باوجود اگر بلوچستان کے ”بیٹے “مطمئن نہیں ہوتے تو لگتا ہے کہ بلوچستان میں”باپ“ کی تبدیلی کے آثار نمایاں ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان یوٹرن لینے میں سب سے آگے ہیں ڈونلڈ ٹرمپ بھی یوٹرن اور غلطیوں میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، چینی سفارتخانے پر ہونے والے حملے کے بعد فیصل واوڈا کی انٹری کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا انگلی کٹا کر شہیدوں میں نام لکھوانا چاہتے ہیں مگرجو ان کی اصل ذمہ داری ہے اس سے غافل ہیں۔

FOLLOW US