چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کےاہل خانہ کےلئے حکومت کا بڑی امداد کا اعلان
کراچی (آ ئی این پی)پا کستان تحریک انصاف کے وزرا ءعلی زیدی اور فیصل واوڈا نے چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید اہلکاروں کے ورثا اور زخمی سیکیورٹی گارڈ کی امداد کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے چینی قونصل خانے پر حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہید اہلکاروں کے ورثا کو 5،5 لاکھ روپے دئیے جائیں گے، زخمی سیکیورٹی گارڈ جمن کو 3 لاکھ روپے انعام دیں گے۔بعدازاں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے جناح اسپتال کا دورہ کیا، علی زیدی نے چینی قونصل خانے پر حملے میں زخمی سیکیورٹی گارڈ کی عیادت کی، انہوں نے سیکیورٹی گارڈ کو تین لاکھ روپے کا چیک پیش کیا،وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ شہید اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کروں گا، سیکیورٹی گارڈ جمن جیسے لوگ قوم کے اصل ہیرو ہیں، جمن نے اپنی جان پر کھیل کر ملک کی لاج رکھی،دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے چینی قونصل خانے پر حملے میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اپنی وزارت میں شہدا کے اہل خانہ کے دو، دو افراد کو نوکری دینے کا اعلان کیا۔فیصل واوڈا نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ اعلان اس لیے نہیں کیا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے وہاں سے جیتے ہیں، پی پی یا ن لیگ وہاں سے جیتی ہوتی تو بھی متاثرین کی امداد کرتے، ہم اپنے شہدا کو عزت دیتے ہیں،یاد رہے کہجمعہ کے روز قبل کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے،چینی قونصل خانے پرحملے میں دیگر 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے جن کی شناخت نیازمحمد اور محمد ظاہرشاہ کے ناموں سے ہوئی تھی، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ویزے کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے۔