چینی قونصلیٹ پرحملہ: گرفتار3 سہولت کاروں کا بیان ریکارڈ
لاہور(نیوزڈیسک) سکیورٹی ادارو ں نے چینی قونصلیٹ پرحملے میں ملوث 3 سہولتکاروں کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ حملے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی اور افغان ایجنسی نے فنڈنگ کی، سہولتکاروں نے گاڑی کی خریداری میں اہم کردار ادا کیا،دہشتگردوں نے 2 مہینے قبل چین کے قونصل خانے کی جاسوسی کی۔ میڈیا رپورٹس کے
مطابق ذرائع سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ سکیورٹی ادارو ں نے چینی قونصلیٹ پرحملے میں ملوث 3 سہولتکاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہشتگردوں کو مقامی سہولتکاروں نے مدد فراہم کی۔سہولتکاروں نے گاڑی کی خریداری میں اہم کردار ادا کیا۔ دہشتگردوں کے زیراستعمال گاڑی کی آخری رجسٹریشن 6 سال پرانی ہے۔ دہشتگردوں کے زیراستعمال گاڑی کی خریدوفرخت میں ملوث افراد کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔ حملے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی اور افغان ایجنسی نے فنڈنگ کی۔دہشتگردوں نے 2مہینے قبل چین کے قونصل خانے کی جاسوسی کی۔ واضح رہے اسلم اچھو نئی دہلی کے میکس اسپتال میں زیرعلاج ہے۔اسلم اچھو سبی میں سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں زخمی ہوا تھا۔ اسلم اچھو شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہے۔اسلم اچھو کالعدم بی ایل اے کا پرانا کمانڈر اور 2011ء سے 2014ء تک ٹرینوں پر فائرنگ ، کوئٹہ یں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث پایا گیا۔ دوسری جانب گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان نے ہنگومیں جائے دھماکا کا دورہ کیا اور شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ
کراچی اور اورکزئی سانحے ایک سازش کی کڑیاں ہیں۔دونوں واقعات سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی سازش تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز 3 دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش کی تھی، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد کرلیا تھا۔ حملہ آوروں کی شناخت رزاق، ازل خان مری عرف سنگت دادا اور رئیس بلوچ کے نام سے ہوئی۔