تحریک انصاف حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ کی امداد ی رقم بڑھانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ملنے والے وظیفے کی رقم بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے سہ ساڑھے 4 ہزار روپے کے قریب سہہ ماہی وظیفہ دیا جاتا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ملک میں نچلے طبقوں کا تحفظ سب سے
اولین ترجیح ہے ، غربت کے خاتمے کے لئے مفصل پروگرام جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ جمعرات کو یہاں وزیراعظم آفس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں غربت کے خاتمے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں اہم اجلاس ہو ا۔اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وزیرِ اعظم کے معاون ِ خصوصی افتخار درانی چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر و دیگر نے شرکت کی ۔چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی جانب سے وزیرِ اعظم کو غربت کے خاتمے اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بی آئی ایس پی کے موجودہ نظام میں پائے جانے والے سقم خصوصا حق داروں کوکیش ٹرانسفر کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ سٹنٹڈگروتھ کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بات چیت کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں نچلے طبقوں کا تحفظ سب سے اولین ترجیح ہے۔ا نہوںنے کہاکہ غربت کے خاتمے کے لئے مفصل پروگرام جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سہ ماہی وظیفہ 5 ہزار سے زیادہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان غربت مٹا ئواسکیم میں اعزازیہ یا وظیفہ بڑھانے کا اعلان کریں گے۔حکومت کے اس فیصلے سے 55 لاکھ مستحق افراد مستفید ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی معاشی صورتحال بہتر ہونے کے بعد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو ملنے والا وظیفہ بتدریج مزید بڑھایا جائے گا۔