عمران خان سے ان کی ہمشیرہ کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی گئیں تحریک انصاف کےلئے پریشان کن خبر
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران نیازی کو چاہیے کہ دوسروں کے احتساب کرنے کی بات کرنے سے قبل قوم کو اس سوال کا جواب دیں کہ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بیرون ملک پراپرٹی کیسے خریدی کیونکہ علیمہ نیازی کے بیرون ملک اثاثے سوالیہ نشان ہیں۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ شہزاد اکبر کو احتساب کا مشیر بنا کر انہوں نے نام نہاد احتساب کا خود ہی بھانڈا پھوڑ دیا ہے کیونکہ شہزاد اکبر عمران نیازی کے فرنٹ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ نیازی کا کوئی کاروبار نہیں ہے۔
سوال یہ ہے کہ علیمہ نیازی نے بیرون ملک پراپرٹی خریدنے کے لئے رقم کا اہتمام کیسے کیا اور کس طرح رقم بیرون ملک بھیجی؟ یہ منی لانڈرنگ اور چوری کا بہت بڑا اسکینڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کے خلاف جے آئی ٹی بن رہی ہے تو علیمہ خان کے خلاف کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ نیازی شاہی کی کارکردگی صرف بیان بازی تک محدود ہے۔