نواز شریف کی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے ملاقات
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 نومبر 2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ سے ملاقات کی ہے جس میں کیسسز اور نام ای سی ایل میں نکالنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔جس وقت بیگم کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔
وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔تاہم اس حوالے سے حکومت بھی بارہا اس بات کو دہراتی رہی ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہے لیکن ہم کسی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے ہمیشہ ہی ڈیل کی خبروں کی تردید کی ہے۔
تاہم ایک مرتبہ پھر این آر او کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے بھی متعدد موقعوں پر تمام مخالفین کو واضح پیغام دے دیا کہ وہ جو مرضی کر لیں ۔دھرنا دیں یا کچھ بھی کریں اب انکو این آر او ملنے والا نہیں ہے۔جس کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے پوچھا جارہا ہے کہ وزیر اعظم بتائیں کہ این آر او کون مانگ رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر تردید کرتے ہوئے کہ مسلم لیگ ن کو حکومت سے کسی قسم کے این آر او کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں این آر او چاہیے۔
تاہم ایک مرتبہ نواز شریف اور این آر او کی خبریں ایک بار پھر زور پکڑ گئیں ہیں۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت سے واپسی پر سابق وزیراعظم نواز شریف مارگلہ روڈ پر سابق مشیر برائے قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے گھر پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ اور نواز شریف کے درمیان ملاقات میں نیب کیسز اور ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر بات چیت ہوئی۔تجزیہ کاروں کی جانب سے اس ملاقات کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔