کس سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا ہوں اچھا وقت دوبارہ آنے والے ہے چودھری نثار نے دھماکے دار بیان دے ڈالا
ٹیکسلا ( آئی این پی)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو کچھ کیاگیا ، بہت ساری باتیں کر سکتا ہوں مناسب وقت کا انتظار ہے، لوگ خاطر جمع رکھیں بہتر وقت آنے والا ہے، مخالف امیدوار کے وزیر بننے کے بعد ضمنی الیکشن میں35 ہزار کی کمی لوگوں کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہی ہے جبکہ میدان میں میں نہیں ایک نو
وارد امیدوار تھا،زبان بند کر کے بھی نہیں بیٹھ سکتا، اور وقتی اونچ نیچ سے گھبرانے والا بھی نہیں،عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،عوام پر امید رہیں اچھا وقت ضرور آئے گا،آج بھی استقامت کے ساتھ اپنے قدموں پر کھڑا ہوں،کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے حلقہ میں میرا گروپ اور دھڑا قائم ہے۔ وہ منگل کو واہ کینٹ میں ملک سعید نواز کے ڈیرہ لوسر شرفو میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ حلقہ میں ضمنی الیکشن کے دوران میں لندن میں تھا بہت سارے دوستوں نے ووٹ ڈالنے کی بابت مجھ سے رابطہ کیا میں نے کوئی جواب نہ دیا،جسکی وجہ سے اکثریت نے عدم دلچسپی کا اظہار کیا،تاہم وقت گزر گیا میرا کسی سے کوئی گلہ نہیں،میں نے زندگی کے 35 سال اس حلقہ میں سیاست کی جو کچھ کیا اپنے ضمیر اور ایمان کے مطابق کیا ،اور آج الحمد وللہ اپنے ضمیر کے سامنے شرمندہ بھی نہیں،انھوں نے اپنے سیاسی مخالف پی ٹی آئی کے غلام سرور خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں میرے مقابلے میں انھوں نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے ، دو ماہ کے دوران وزیر بھی بن گئے اور حکومت بھی مل گئی لیکن دو ماہ کے دوران ہی اس حلقہ میں ضمنی الیکشن میں ایسا کیا ہوا کہ میرے سیاسی مخالف نے ایک نووارد امیدوار کے مقابلے میں 64 ہزار ووٹ لئے اور 35 ہزار ووٹ بنک کم ہوگیا،یہ سوچنے کا مقام ہے ، جنرل الیکشن میں میں بھی صوبائی اسمبلی کے نتائج اور قومی اسمبلی کے نتائج اٹھا کر دیکھ لیں کیسے ممکن تھا کہ صوبائی نشست پر جیت اور قومی نشست پر ہار، عوام کو بہت کچھ پتا سکتا ہوں تاہم اس کے لئے مناسب وقت کا انتظار کر رہا ہوں،چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عوام سے مکمل رابطے میں رہونگا،اس حلقہ کے عوام نے 35 سالوں سے میرا سیاسی بوجھ اٹھایا ، انھیں کسی مقام پر تنہا نہیں چھوڑ سکتا،عوام کا بے ھد مشکور ہوں جنہوں نے میرے اوپر اعتماد کیا ،ضمنی الیکشن میں عوام کو نہیں کہا کہ دو نمبر لوگ جو مسلط ہیں انھیں ووٹ نہ دو اگر کہتا تو نتائج کچھ اور ہی ہوتے،میرا سیاسی کردار لوگوں کے سامنے عیا ں ہے ،اقتدار ہو یا اپوزیشن اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا ،اپنے ضمیر کے مطابق فیصلے کئے جس پر مجھے کوئی شرمندگی نہیں،اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ، چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آج کا دورہ ملک سعید نواز کی خصوصی دعوت پر کیا ہے صرف لوگوں کا شکریہ ادا کرنا تھا، وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ عوام سے شیئر کرونگا،الیکشن ختم ہوگئے اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں مکمل زبان بندی کرونگا ،صرف مناسب وقت کا انتظار ہے ، لوگ خاطر جمع رکھیں بہتر وقت آنے والا ہے۔