حکومت اور تحریک لبیک میں مذاکرات کامیاب ہو گئے آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں شامل دھماکے دار خبر
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت اور احتجاج کرنے والی جماعت تحریک لبیک کے مابین مذاکرات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہو گئی ہے۔ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کارروائی کی جائے گی، اس کے علاوہ
فیصلے پر نظرثانی کے لیے اپیل دائر کی جائے گی، اس معاہدے کی شقوں کے مطابق آسیہ مسیح کے مقدمے میں نظرثانی کی اپیل دائر کر دی گئی ہے جو کہ مدعا علیہان کا قانونی حق و اختیار ہے، جس پر حکومت معترض نہ ہو گی، آسیہ مسیح کا نام فوری طور پر ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی، آسیہ مسیح کی بریت کےخلاف تحریک میں اگر کوئی شہادتیں ہوئی ہیں ان کے بارے میں فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، آسیہ مسیح کی بریت کے خلاف 30 اکتوبر اور اس کے بعد جو گرفتاریاں ہوئیں ان افراد کو فوراً رہا کیا جائے گا، اس کے علاوہ اس واقعے کے دوران جس کسی کی بلاجواز دل آزاری یا تکلیف ہوئی ہو تو تحریک لبیک معذرت خواہ ہے۔ وفاقی حکومت کے ساتھ اس معاہدے پر وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ نورالحق قادری، صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، پیر محمد افضل قادری سرپرست اعلیٰ تحریک لبیک اور محمد وحید نور مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک لبیک کے دستخط ہیں۔ گزشتہ روز صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیاتھا کہ امید ہے مظاہرے فوری ختم ہوجائیں گے، دھرنے ختم کرانے کیلئے حکومت علامہ خادم حسین رضوی سمیت دیگر سے رابطے میں ہیں، مزاکرات کے 5سے زائد سے دور ہوچکے ہیں ، حکومت معاملات کو سنبھالنے کی کوشش کررہی ہے۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام سخت کرب کا شکار ہیں۔ وزیر مذہبی امور اور وفاقی حکومت نے معاملات کنٹرول کرنے کی کوشش کی ہے۔ دھرنے ختم کرانے کیلئے علامہ خادم حسین رضوی اور دیگر سے مسلسل رابطے میں تھے۔ چیزیں کافی حد تک کنٹرول ہوگئی ہیں امید ہے کہ دھرنے جلد ختم ہوجائیں گے۔اس طرح اب دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔