اسلام آباد(اے این این ) نقب اللہ محسود کے قتل کیخلاف اسلام آباد پریس کلب کے سامنے جاری محسود قبائل کے دھرنے میں مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے وفد پر جوتے اور بوتلوں کی بارش کردی ، شرکاء کے شیم شیم کے نعرے ، قبائلی عمائدین نے وفد کی جان خلاصی کرائی ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے نمائندہ وفد نے عامر فدا پراچا کی سربراہی میں
دھرنے میں شرکت کی اور جیسے ہی وہ تقریر کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو مشتعل مظاہرین نےان کی طرف جوتے اور پانی کی بوتلیں پھینکیں تاہم وہ محفوظ رہے اور ان کی زد میں نہیں آئے۔مشتعل مظاہرین کی جانب سے شیم شیم کے نعرے بھی لگائے گئے مگر وہاں موجود قبائلی عمائدین نے مشتعل نوجوانوں کو اسٹیج کے سامنے سے ہٹا کر معاملہ رفع دفع کیا۔یاد رہے کہ جنوبی وزیرستان، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے قبائلی عوام اسلام آباد میں جمع ہیں اور راؤ انوار کی گرفتاری سمیت کئی مطالبات کے حق میں دھرنے دیئے بیٹھے ہیں۔