Wednesday January 22, 2025

نواز شریف سیاست سے دستبردار ہو چکے ہیں

نواز شریف سیاست سے دستبردار ہو چکے ہیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )معروف صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی ہمت ہار چکے ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر اب ڈیل چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گرد جب سے گھیرا تنگ ہوا ہے تب سے ہی این آر او کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔جس وقت بیگم

کلثوم نواز کا انتقال ہوا تو این آر او کی خبریں مزید زور پکڑ گئیں ۔وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر سزا معطلی کے بعد نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی رہائی نے این آر او کے تاثر کو مزید تقویت دی ۔تاہم اس حوالے سے حکومت بھی بارہا اس بات کو دہراتی رہی ہے کہ مسلم لیگ ن نواز شریف کے لیے این آر او چاہتی ہے لیکن ہم کسی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہیں۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے ہمیشہ ہی ڈیل کی خبروں کی تردید کی ہے۔تاہم ایک مرتبہ پھر این آر او کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر خطاب کرتے ہوئےتمام مخالفین کو واضح پیغام دے دیا کہ وہ جو مرضی کر لیں ۔دھرنا دیں یا کچھ بھی کریں اب انکو این آر او ملنے والا نہیں ہے۔جس کے بعد مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم بتائیں کہ این آر او کون مانگ رہا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر تردید کرتے ہوئے کہ مسلم لیگ ن کو حکومت سے کسی قسم کے این آر او کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں این آر او چاہیے۔تاہم معروف صحافی غلام حسین نے انکشاف کیا ہے کہ سابق

وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی ہمت ہار چکے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وہ اپنی پارٹی والوں سے بھی جان چھڑوا رہے ہیں۔وہ نہ تو کسی سے ملاقات کرتے ہیں اور نہ ہی کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لیتے ہیں ۔چوہدری غلام حسین کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہو کہ نواز شریف کی خاموشی کا مطلب یہ ہے کہ وہ سیاست سے دستبردار ہو چکے ہیں۔وہ اور انکی صاحبزادی چاہتے ہیں کہ بس اب جان چھوٹ جائے ،جتنے پیسے ہم نے دینے ہیں یا جتنے ہم دے سکتے ہیں ،اتنے پر حکومت مان جائے اور ہماری جان چھوڑ دے۔

FOLLOW US