Tuesday January 21, 2025

آئندہ ہفتے کون سی چیز مہنگی ہونے والی ہے وزیر خزانہ اسد عمرنے پاکستانیوں کو خبردار کر دیا

آئندہ ہفتے کون سی چیز مہنگی ہونے والی ہے وزیر خزانہ اسد عمرنے پاکستانیوں کو خبردار کر دیا

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا آئندہ ہفتے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے،بجلی چوری روکنے کی پوری کوشش کی جائے گی ، سابق دور میں 15 ہزار پوائنٹ سٹاک مارکیٹ گری تھی ، دو ماہ کے اندر معیشت مستحکم ہونا شروع ہو جائے گی ، غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے، چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے ، امریکہ نے چین پر پابندیاں لگائیں تو چین نے امریکہ پر پابندیاں لگا دیں ، اب امریکہ سعودی عرب کو بھی دھمکیاں دے رہا ہے اس وجہ سے پورے خطے میں معاشی بحران نظر آرہا ہے۔ وہ منگل کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے بتایا اس وقت خطے کے تمام ممالک میں کرنسی گراوٹ کا شکار ہے ۔ سیاسی بنیادوں پر ایکسچینج ریٹ طے نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد 7 نومبر کو پاکستان آرہا ہے ۔ حکومت کا مربوط پلان ان کو سامنے رکھیں گے۔ہمیں 12 ارب ڈالرکا خلاءپورا کرنا ہے ، یہ پروگرام تین سال کے لئے ہو گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے سربراہان سے مثبت ملاقات رہی ہے ان سے بھی 5 ارب ڈالر ملیں گے۔ آئی ایم ایف کی ہدایت پر ہم تمام اقدام نہیں اٹھا رہے ۔ روپے کی قدر میں پہلے ہی کمی ہو رہی تھی ۔سٹیٹ بینک نے شرح سود کو بڑھانا شروع کیا ہے ۔ 2 ارب ڈالر کا ماہانہ خسارہ ہو رہا تھا جو پہلے سالانہ خسارہ ہوتا تھا مگر اب ماہانہ کی بنیاد پر 2 ارب ڈالر کے خسارے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکہ میں تجارتی جنگ شروع ہو چکی ہے جس وجہ سے پوری دنیا عدم استحکام کا شکار ہے ۔ امریکہ نے چین پر پابندیاں لگائیں تو چین نے امریکہ پر پابندیاں لگا دیں ۔ ایران کے اوپر بھی پابندیاں لگیں جس وجہ سے پٹرول کے ریٹ بڑھ گئے ۔ اب امریکہ سعودی عرب کو بھی دھمکیاں دے رہا ہے اس وجہ سے پورے خطے میں معاشی بحران نظر آرہا ہے ۔ اسد عمر نے کہا کہ اوگرا کے کہنے پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ۔ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے خطرناک حد تک پہنچ گئے تھے ۔
یہ قرضے 154 ارب روپے تک پہنچ گئے ۔ گیس کا نظام خطرناک حد تک کمزور ہو گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب پر بوجھ نہ ڈالنے کی پوری کوشش کی ۔ نیپرا نے 3 روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کا کہا ۔نیپرا کے مطابق ایک ارب 70 کروڑ روپے روزانہ خسارہ ہو رہا ہے ۔ بجلی چوری روکنے کی پوری کوشش کی جائے گی اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا آئندہ ہفتے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق دور میں 15 ہزار پوائنٹ سٹاک مارکیٹ گری تھی ۔ عالمی سطح پر بھی پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ تجارتی خسارہ ہے ۔ دو ماہ کے اندر معیشت مستحکم ہونا شروع ہو جائے گی ۔ غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے ۔

FOLLOW US