Tuesday September 16, 2025

ن لیگ کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر کا پیٹرول پمپ گرادیا گیا

ن لیگ کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر کا پیٹرول پمپ گرادیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس میں بڑے بڑے برج الٹ دیئے گئے ہیں جن میں ملک ریاض سمیت قبضہ مافیا منشا بم بھی شامل ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی یہ اعلان کر دیا ہےقبضہ مافیا کے خلاف آپریشن نہیں رکے گا تاہم اب خبر آئی ہے کہ ضلعی حکومت نے گوجرانوالہ میں ن لیگ کے دور میں وفاقی وزیر رہنے والے خرم دستگیر کے والد کی ملکیت پرموجود پٹرول پمپ بھی گرا دیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے خرم دستگیر کے والد غلام دستگیر کی ملکیت میں موجود پٹرول اور سی این جی پمپ مسمار کر دیا ہے ۔ ڈی سی شعیب طارق کا کہنا ہے کہ ہم نے انہیں ایک ہفتے کا نوٹس دیا تھا جس میں ان سے پٹرول پمپ کے کاغذات طلب کیے گئے اور بار بار انہیں یاد دہانی اور رابطہ کیا گیا لیکن ان کی جانب سے کوئی دستاویزات فراہم نہیں کی گئی۔ آج ضلعی انتظامیہ بھاری مشینری لے کر پہنچی اور پمپ کو گرا دیا۔ غلام دستگیر گوجرانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما بھی سمجھے جاتے ہیں اور وہاں پر سب کو یہ بات معلوم ہے کہ یہ پمپ دستگیر فیملی ہے اس لیے جس وقت پمپ کو گرایا جا رہا تھا تو اس وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی تاہم مختصر وقت کیلئے سڑک کی ایک سائیڈ بھی بند کر دی گئی ۔ نجی ٹی وی92 نیوز کا کہنا ہے جہاں پر یہ پمپ بنایا گیا اس کی ایک طرف ہائی وے کی زمین ہے جبکہ دوسری جانب ریلوے کی زمین ہے جہاں پر قبضہ کیا گیا جسے چھڑا لیا گیا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ لاہور میں بڑے پیمانے پر منشا بم کے قبضہ سے سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی ہے جبکہ پولیس منشا بم کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے بھی مار رہی ہے تاہم ابھی تک اسے گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے ۔ اس سے قبل پولیس نے ایک مرتبہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کاروائی کی لیکن منشا بم کا بیٹا پولیس والوں پر تشدد کرنے کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔اس کے علاوہ ملک ریاض کے پلازے بھی غیر قانونی دیتے ہوئے گرا دیئے گئے ہیں۔