لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو اپنے دائیں بائیں قبضہ گروپ نظر نہیں آتے؟کیا ان کو عبدالعلیم خان اور پرویز الٰہی دکھائی نہیں دیتے؟ حکومت کی بات نہ کریں اپوزیشن کا مزہ لینے دیں(ن) لیگ نظریاتی جماعت ہے اور جمہوریت پر کاربند ہے ، رانا مشہود کے بیان پر پارٹی نے اپنا
موقف دیدیاہے ،اپوزیشن ہمارے لیے نئی بات نہیں، جمہوریت کی گاڑی چلتی رہنی چاہیے ۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اقتدار کی حوس نہیں، کنٹینر پر چڑھ کر دعوے کرنا آسان ہے لیکن حکومت میں آکر عوام کو ڈلیور کرنا مشکل ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جھوٹ سامنے آئیں، قرضہ نہ لینے کے دعوے کرنے والوں کے پول کھل رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آج دشمن پراپیگنڈہ کر رہا ہے کہ ایٹمی ملک کے پاس پیسے نہیں، بھینسیںنیلام ہو رہی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے لیکن آج کہتے ہیں پیسے نہیں مجبوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دعوئوں کو پہلے بھی جھوٹ قرار دیا تھا۔گورنر ہائوس کھولنے اور وزیر اعظم ہائوس کو لائبریری بنانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)جمہوریت پر کاربند ہے ، رانا مشہود کے بیان پر پارٹی نے اپنا موقف دے دیاہے ،پارٹی نے ان کے موقف سے علیحدگی اختیار کی ہے۔نواز شریف عدالتی فیصلے پر بیوی کو چھوڑ کر جیل گئے۔اگر ڈیل کرنی ہوتی تو اس وقت کرتے جب ان کو ضرورت تھی،ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دھاندلی کے خلاف تحقیقات کے لیے ٹی او آر بنائے جائیں۔حکومت کرسی کی نہیں دلوں کی ہوتی ہے۔آج ریڑھی بان بھی کہتے ہیں کہ ووٹ شیر کو دیئے۔کیا عثمان بزدار کو اپنے دائیں بائیں قبضہ گروپ نظر نہیں آتے۔کیا ان کو عبدالعلیم خان اور پرویز الٰہی دکھائی نہیں دیتے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ حکومت کی بات نہ کریں اپوزیشن کا مزہ لینے دیں۔
