Tuesday September 16, 2025

” یہ چیز اس وقت تک مہنگی نہ کرنا جب تک ۔۔” شیخ رشید اور غلام سرور خان نے حکومت کو ایسا مشورہ دے ڈالا کہ جان کر پاکستانیوں کو شدید غصہ آجائے گا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی تجویز پر بجلی کی قیمتوں میں ضمنی انتخابات تک اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،گزشتہ روز کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں بجلی کی قیمتوں میں 4 سے 5 روپے فی یونٹ اضافے کی
تجویز ایجنڈے میں شامل کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق جب اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزیر خزانہ اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 14اکتوبر کو ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ ہو رہی ہے اگر اس وقت بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، اگر اس وقت بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئیں تو اس کا عوام میں منفی پیغام جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے بھی شیخ رشید احمد کی تجویز کی تائید کی اور کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج آنے تک بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی کے اجلاس میں کہا گیا کہ پہلے ہی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا چکا ہے جس پر حکومت کو تنقید کا سامنا ہے، لہٰذا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ موخر کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق 20 اکتوبر کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائے گا۔