ملتان (نیوزڈیسک) شاہ محمود قریشی نے اپنی ہی جماعت کے رکن اسمبلی کی نااہلی کی درخواست جمع کرا دی، پی پی217 سے دوسرے نمبر پر رہا، سلمان نعیم کو نااہل، مجھے کامیاب قرار دیا جائے: وزیر خارجہ کی الیکشن کمیشن کو درخواست۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنی ہی جماعت کے
نوجوان رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی کیخلاف میدان میں آگئے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے ملتان کی پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 217 سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے نوجوان رہنما سلمان نعیم کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروا دی ہے۔ شاہ محمود قریشی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم پی اے کے ایک شناختی کارڈ میں نام محمد سلمان اور دوسرے میں سلمان نعیم درج ہے۔پی پی217 کے الیکشن میں دوسرے نمبر پر رہا۔ لیکن غلط بیانی کرنے پر سلمان نعیم کو نااہل قرار اور مجھے کامیاب قرار دیا جائے۔ سلمان نعیم کیخلاف آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت بھی کارروائی کی جائے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سلمان نعیم کیخلاف دائر درخواست سے متعلق بطور فریق اپنا جواب جمع کرایا ہے۔درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سلمان نعیم نے اپنی اصل تاریخ پیدائش بھی چھپائی ہے۔اصل شناختی کارڈ کے مطابق سلمان نعیم کی تاریخ پیدائش 28 جنوری 1994 ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم کیخلاف شہری شعیب ہاشمی کی جانب سے بھی درخواست دی گئی ہے۔ جبکہ یہ بھی واضح رہے کہ سلمان نعیم تحریک انصاف کے نوجوان رہنما ہیں تاہم ٹکٹ نہ ملنے پر انہوں نے شاہ محمود قریشی کیخلاف آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا اور فتح حاصل کی تھی۔ بعد ازاں سلمان نعیم نے تحریک انصاف میں ہی دوبارہ شمولیت اختیار کر لی تھی۔ سلمان نعیم کی فتح کے باعث ہی شاہ محمود قریشی کا وزیراعلی پنجاب بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا تھا۔