اسلام آباد (سی پی پی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کے بے روزگار نوجوانوں کوروزگار فراہم کرنا میری زندگی کا مشن ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہر نوجوان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے علاوہ ہمیں نجی ملازمتوں کے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز سپیکر ہاؤس اسلام آبادمیں Huaweiکمپنی کے چیف ایگزیکٹو Chi Lin Chungسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چین کے سابق سفیر Chunxiang Zhang بھی موجود تھے۔اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان ہر لحاظ سے ٹیلنٹڈاور محب وطن ہے۔وہ ہر بین الاقوامی میعار پر پورا اترتا ہے۔دنیا بھر میں پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبے میں اپنے ملک کا نام روشن کیا ہے۔علم ،مہارت اور صلاحیت میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان محب وطن اور ملک کی خاطر کچھ کرنے کا جذبہ رکھتا ہے مگر مناسب روزگار نہ ہونے کی بدولت وہ بے راہ روی کا شکار ہو جاتا ہے۔اسے درست سمت میں لانے کے لیے نہ صرف سرکاری ملازمتوں بلکہ نجی ملازمتوں کے حصول کی
خاطر ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔اسد قیصر نے کہا کہ کے موجودہ حکومت روز گار کی فراہمی کے لیے سنجیدگی سے موثر اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو ملازمتیں فراہم کرنا اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والی بین الااقومی کمپنیوں سے پاکستانی نوجوانوں کے روزگار کی خاطر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کروں گا۔اس سلسلے میں میں قومی اسمبلی میں موجود نا صرف دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اعتماد میں لوں گا بلکہ وہ رکن قومی اسمبلی جو کاروبار یا کسی صنعت سے وابستہ ہیں آ?ن سے بھی مشاورت کے بعد روزگار کے حصول کے لیے ایک جامع پلان تشکیل دوں گا۔انہوں نے کہا کہ اس کار خیر کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر سپیکر نے Huaweiکمپنی کے چیف ایگزیکٹو سے کہا کہ وہ ملازمتوں کے لیے جامع پلان تشکیل دیں اور ایک ماہ بعد مجھے اس بارے میں آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کے پروجیکٹ میں کچھ خامیوں اور نقائص کی نشاندہی ہوئی ہے۔اس پروجیکٹ میں آپ کی کمپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے لہذا مقامی حکومتی ذمہ داران سے مشاورت کے بعد ان نقائص کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ وفاقی دارالحکومت کومزید محفوظ اور پر امن بنا یا جا سکے۔سی پیک کے حوالے سے گفتگو کرنے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ میل ہے۔سی پیک منصوبے کی تکمیل کے لیے میں ہر حد تک جانے کے لیے تیارہوں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے نہ صرف اقتصادی ترقی ہو گی بلکہ ملک بھر میں اقتصادی زون کے قیام ، موٹروے کی تعمیر ، ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے سمیت روزگارکے مواقع میسر آئیں گے۔Huaweiکمپنی کے چیف ایگزیکٹو Chung Lin Chiنے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملازمتوں کے حصول کی خاطر کمپنی ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔۔کمپنی نہ صرف پاکستانی نوجوانوں اور مہارت کاروں کو ملازمتیں فراہم کرے گی بلکہ انہیں پاکستان میں ہی تربیت دے کر بیرون ملک بھجنے کا بھی اہتمام کیا جاے گا۔اس سلسلے میں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی میں موجود ہر قسم کے نقائص کو دور کرنے کے لیے کمپنی اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔