لاہور (نیوزڈیسک) وزیراعظم کا آئی ایم ایف جانے کی بجائے چین اور سعودی عرب سے مدد لینے کا فیصلہ، معروف صحافی حامد میر کے مطابق مغربی میڈیا کے پراپیگنڈا کو زائل کرنے کیلئے عمران خان آنے والے دنوں میں چین اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے، دوروں کے دوران حکومت کو نرم شرائط پر اربوں ڈالرز کی امداد ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معیشت کے زبوں حالی اور زرمبادلہ ذخائر میں تشویش ناک کمی کے باعث سعودی عرب اور چین نے پاکستان کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خاص طور پر سعودی عرب کی حکومت پاکستان کی نئی حکومت کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی حکومت پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے نرم شرائط پر 10 ارب ڈالرز کا قرضہ دینے کیلئے تیار ہے۔اس حوالے سے معروف صحافی و اینکر حامد میر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مغربی میڈیا کے منفی پراپیگنڈا کو زائل کرنے کیلئے آئندہ چند روز میں چین اور سعودی عرب کے اہم دورے کریں گے۔ حامد میر کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب اور چین کے دوروں کے دوران کئی اہم معاملات طے کریں گے۔ وزیراعظم دورہ چین کے دوران سی پیک سے متعلق شکوک و شبہات دور کریں گے۔جبکہ سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی حکومت پاکستان کو 10 ارب ڈالرز کی رقم پاکستان کے اکاونٹ میں رکھنے کی پیش کش کرے گی۔ حامد میر کے مطابق آنے والے دنوں میں خارجی معاملات سے متعلق تمام شکوک و شبہات دور ہو جائیں گے اور پاکستان کے چین اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا سرکاری غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کریں گے۔ جبکہ وزیراعظم نومبر میں چین کا بھی اہم دورہ کریں گے۔