اسلام آباد (ویب ڈیسک ) نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی سلیم صافی نے کہاکہ یہ بہت دکھ کی بات ہے کہ میا ں شریف کے انتقال پر نواز شریف کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور اب حسن اور حسین نواز کے ساتھ بھی یہی سلوک ہو رہا ہے حالانکہ ان کی والدہ غیر سیاسی خاتون تھیں ۔دوسری جانب سینئر صحافی عمر چیمہ نے کہا
ہے کہ سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اپنی والدہ کی میت لندن سے ہی رخصت کریں گے ۔سابق خاتون اول کے انتقال کے بعد ان کی میت پاکستان لانے کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں ،میڈ یا رپورٹس کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز بیگم کلثوم نواز کی میت لانے کے لیے لندن روانہ ہونگے۔ادھر مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر عمر چیمہ نے کہا کہ میاں شریف کی میت کو نواز شریف نے جلاوطنی میں سعودی عرب سے ہی رخصت کیا تدفین کے لئے واپس آنے کی مشرف نے اجازت نہ دی اب کلثوم نواز کی میت حسن اور حسین لندن سے ہی رخصت کریں گے وہ پاکستانی عدالتوں کے اشتہاری ہیں ان مقدمات میں جن میں ابھی تک کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔ خیال رہے کہ رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسردہ ہیں اور ان کے اہل خانہ کو ماضی میں ان کے الفاظ سے جو تکلیف پہنچی تھی، اس پر معذرت خواہ ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز نیک اور پارسا خاتون تھیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ مجھے اظہار تاسف کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں نے ایسا نہیں کیا جس پر افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کابہت بڑا نقصان ہے، جمہوریت کیلئے ان کی گراں قدر خدمات تھیں۔رہنما پی پی پی نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں بیگم کلثوم نواز جوانمردی سے ڈٹی رہیں۔