لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے سابق پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری کو بھی پنجاب حکومت میں اہم عہدہ دے دیا گیا ۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق پنجاب حکومت نے عمران خان کے سابق پولیٹیکل سیکریٹری عون چودھری کومشیرمقررکردیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،
نوٹیفکیشن میں 4 مشیروں کا تقرر کیا گیا ہے جن میں پی پی 270 سے عبد الحئی دستی،پی پی 125 سے فیصل حیات،پی پی 289سے محمد حنیف جبکہ محمد عون چوہدری شامل ہیں۔ دوسری طرف ایک خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد میاں سومرو وزیر مملکت کا عہدہ دیئے جانے پر ناراض ہوکر حلف اٹھائے بغیر کراچی آگئے۔وفاقی حکومت نے محمد میاں سومرو کو وزیر مملکت برائے نجکاری بنانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم انہوں نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے اور حلف اٹھانے سے بھی انکار کردیا۔اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھالیا تاہم محمدمیاں سومرو حلف اٹھائے بغیر کراچی واپس آگئے۔ذرائع کے مطابق محمدمیاں سومرو کو حلف برداری سے کچھ دیر قبل وزیر مملکت کا عہدہ دینے سے آگاہ کیا گیا تھا جس پر انہوں نے حلف نہیں اٹھایا۔محمد میاں سومرو کے قریبی ذرائع کاکہنا ہےکہ وہ قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ سمیت اہم ترین عہدوں پر فائز رہے اس لیے ان کا مؤقف ہےکہ اعلیٰ ترین عہدوں پر رہے شخص کیلئے وزیر مملکت بننا مناسب نہیں۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ میں 6 نئے وزرا کو شامل کیا گیا ہے جن میں محمد خان، عمر ایوب، علی زیدی، مراد سعید، شبیر علی اور حماد اظہر شامل ہیں۔6 وزرا کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 28 ہوگئی ہے جس میں 5 مشیر بھی شامل ہیں۔