Wednesday September 17, 2025

نواز شریف اور مریم نواز کی رہائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ، اڈیالہ جیل حکام نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (نیوزڈیسک) سابق خاتون اول اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں۔ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر اڈیالہ جیل پہنچی تو نواز شریف اور مریم نواز غمزدہ اور آبدیدہ ہو گئے۔ شریف خاندان نے بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لانے اور ان کی پاکستان میں ہی تدفین کرنے کافیصلہ کیا ہے جس کے لیے شہباز شریف لندن

روانہ ہوں گے۔لندن روانگی سے قبل شہباز شریف اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز سے بھی ملاقات کریں گے۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ہی کمرے میں منتقل کر دیا گیا ہے، نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جیل کے کانفرنس روم میں موجود ہیں۔اور ان کی پیرول پر رہائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لانے سے تدفین تک پیرول پر رہائی دی جائے گی۔اس معاملے پر محکمہ داخلہ نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی تدفین کے لیے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی ملے گی۔ پیرول پر رہائی کے لیے درخواست ملنا ضروری ہے۔ جس کے بعد نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی کے لیے ڈی سی کی جانب سے اجازت دی جائے گی۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہائی دینے کے لیے دستاویز تیار کی جا رہی ہے۔بعد خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی جمعہ کے روز پاکستان لایا جائےگا اور ان کی تدفین بھی جمعہ کو ہی کیے جانے کا امکان ہے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کو جاتی امرا میں میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف پہلی دستیاب فلائٹ سے لندن روانہ ہوں گے اور بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لائیں گے۔بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز شرکت کریں گے یا نہیں اس حوالے سے تاحال کوئی خبر موصول نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز کافی عرصہ سے لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیر علاج تھیں ، گذشتہ روز ان کی طبیعت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا لیکن طبیعت زیادہ بگڑنے پر ڈاکٹرز نے جواب دے دیا اور سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز انتقال کر گئیں۔