اسلام آباد (نیوزڈیسک) عوام کیلئے نئے پاکستان کا پہلا بڑا تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی، وفاقی وزارت خزانہ نے اوگرا کی سمری منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 41 پیسے کی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37پیسے کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اوگرا کی سمری منظور کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ کی رات 12 بجے سے ہوگا۔ وفاقی حکومت نے اوگرا کی
سمری منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 41 پیسے کی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 37پیسے کی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 46 پیسے کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 59پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 83 روپے 50 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 75روپے96پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت کم ہوکر 106 روپے 57 پیسے جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت کم ہوکر 92روپے 83 پیسے ہوگئی ہے۔اس سے قبل 2 روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں کے حوالے سے اوگرا نے 2 تجاویز تیار کی تھیں۔ ان تجاویز کے تحت ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح 22 فیصد سے کم کرکے 17 فیصد کرنے کی تجویز ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات عام استعمال کی ایک ایسی چیز ہے جس کی قیمتوں میں کمی بیشی کے اثرات پورے ملک میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشہ ایک سال میں جو ہوش ربا اضافہ ہوا،اس نے عام انسان کی زندگی سے لے کر صنعتوں تک پر اپنے اثرات مرتب کئیے۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بھی اپنی راہ متعین کر لی ہے۔ یاد رہے کہ وزیر پٹرولیم اس حوالے سے پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ڈیزل عام آدمی کا فیول ہے۔ چاہتے ہیں کہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کر کے پٹرول کے برابر کی جائے۔ جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور ٹیکس عالمی مارکیٹ کے مطابق ہو گا۔