اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عید الاضحی کے موقع پر پاکستانی ایک دوسرے کو مبارکباد تو دے ہی رہے تھے مگر سوشل میڈیا پر ایک سوال بھی ہر کوئی پوچھ رہا تھا کہ وزیراعظم عمران
خان کی نماز عید پڑھنے کی کوئی تصویر یا ویڈیو سامنے کیوں نہیں آئی۔ یہ سوال سامنے آیا تو سیاسی مخالفین نے یہ موقف بھی اپنایا کہ ہو سکتا ہے وزیراعظم عمران خان نے نماز عید ادا ہی نہ کی ہو مگر اب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس سوال کا جواب دے ہی دیا ہے جن کا کہنا ہے کہ عمران خان نمازی آدمی ہیں اور اکثر میٹنگ چھوڑ کر نماز ادا کرنے چلے جاتے ہیں، اگر وہ تصویر نہیں بنوانا چاہتے تو بلاوجہ بات نہیں کرنی چاہئے۔ پریس بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ یہ عمران خان کا ذاتی معاملہ ہے، اگر وہ نماز عید پڑھنے کی تشہیر یا فوٹو نہیں چھپوانا چاہتے تو بلاوجہ بات نہیں کرنی چاہئے۔ عمران خان نمازی پرہیزی آدمی ہیں اور اکثراہم اجلاسوں سے اٹھ کرنماز پڑھنے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی عقائد پر ہمیں اتنی اجازت ہونی چاہئے اور اتنا دل بھی بڑا ہونا چاہئے کہ وزیراعظم اپنے معاملات اور عقائد کے مطابق زندگی گزار سکیں۔