اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت بدل گیا ہے اور اب پاکستان مغرب کا محبوب نہیں ہے، چینی وزیر خارجہ 8 یا نو ستمبر اور امریکی سیکریٹری خارجہ 5 ستمبر کو پاکستان آمد متوقع ہے ۔ وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو خارجہ
امور کے حوالے سے پاکستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مو¿ثر اور ٹھوس انداز سے پاکستان کی ترجمانی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ 7 برس بعد وزارت خارجہ میں آیا ہوں، وقت بہت بدل گیا ہے، جو دنیا چھوڑ کر گیا تھا آج کی دنیا اس سے خاصی بدل چکی ہے۔بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات میں تعطل تھا اور ہے، لیکن ہمیں دیکھنا ہے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بھی اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ اگر ایک قدم بڑھو گے تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے لیکن تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی۔افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن اور استحکام ہمارے امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایران ہمارا پڑوسی ہے اور امریکا اور ایران کی حالیہ کشیدگی کسی سے پوشیدہ نہیں، ایران کے وزیر خارجہ نے پیغام دیا کہ وہ پاکستان تشریف لانا چاہتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ 30 اور 31 اگست کو پاکستان آنا چاہتے ہیں، انہیں پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔