اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے لاہور، ملتان، اسلام آباد میٹرو بس اور لاہور اورنج ٹرین منصوبے کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق میگا پراجیکٹس میں بڑی کرپشن کے خدشات ہیں البتہ ان پراجیکٹس کو
بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ملتان، اسلام آباد، لاہور میں میٹرو بس کے منصوبے کے علاوہ اورنج ٹرین منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کئے گئے ہیں مگر یہ ایسے منصوبے ہیں جنہیں مکمل کرنے کے بعد چلانے کیلئے بھی ہر سال اربوں روپے دینے پڑتے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے ان منصوبوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کافیصلہ کیا ہے جس کے بعد اگر ضرورت پڑی تو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذریعے اس کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کو بند کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔