لاہور (ویب ڈیسک) احتساب عدالت لاہور نے سابق چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف 1394ملین کی غیر قانونی سرمایہ کاری کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ آصف ہاشمی گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور کے روبرو غیر قانونی سرمایہ کاری اورغیر قانونی بھرتیوں کے دو
کیسوں میں پیش ہوئے۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی سرمایہ کاری کی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ ملزم 9مرتبہ طلب کرنے کے باوجودتفتیش میں پیش نہیں ہوا پھر بیرون ملک چلا گیا۔ ملزم کو بیرون ملک سے گرفتار کر کے ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا۔ احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، شاہد شفیق، امتیاز حیدر، بلال قدوائی، اسرار سعید اور عارف بٹ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ عدالت نے احد چیمہ سمیت تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ گزشتہ روز عدالت نے آشیانہ اقبال اسکینڈل، ناجائز اثاثہ جات کیس اور احد چیمہ کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ملزم شاہد شفیق کی طرف سے درخواست دی گئی کہ ریفرنس کی کاپیاں صاف پڑھی نہیں جا سکتیں لہٰذا صاف کاپیاں ملنے تک فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ عدالت نے نیب کو صاف کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ آئندہ تاریخ سماعت پر ملزمان پر فردجرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے جیل حکام کی طرف احد چیمہ کی ریڑھ کی ہڈی کا ایکسرے اور میڈیکل چیک اپ سروسز اسپتال سے کروانے کی درخواست مسترد کر دی۔ تاہم ملزم کا شیخ زاید اسپتال یا چلڈرن اسپتال سے چیک اپ کروانے کی اجازت دیدی۔ احتساب عدالت لاہور نے فیروز پور ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کے فراڈ میں گرفتار 3 ملزمان نذر محمد،نعیم اور ندیم کو 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے ملزمان کو 30 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہےملزمان کی طرف سے پلی بارگین کی درخواست بھی پیش کی گئی جس میں کاغذات مکمل نہ ہونے پر مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔ احتساب عدالت لاہور نے اربوں روپے کے ڈی ایچ اے لاہور سٹی پراجیکٹ سکینڈل میں ملوث ملزم حماد ارشد کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت لاہور نے ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس میں ملوث 13 ملزمان کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،جبکہ باقی پانچ ملزمان کو 3 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا گیا۔