اسلام آباد (نیوزڈیسک) عمران خان پارٹی اور دیگر معاملات پر عون چوہدری سے شدید ناراض، وزیراعظم ہاوس سے دور رہنے کی ہدایت کردی، عون چوہدری کے غلط مشوروں کے باعث انتخابات کے دوران کئی غلط امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے، غلط فیصلوں کے باعث کئی نشستوں پر فتح شکست میں بدل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز
عمران خان کی حلف برداری کے موقع پر جہاں پارٹی کے تمام اراکین اور دوست سب موجود تھے وہاں وزیر اعظم عمران خان کے قریبی دوست عون چودھری تقریب سے غائب نظر آئے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پارٹی معاملات پر عون چودھری سے شدید نالاں ہیں ۔ اسی باعث عون چودھری کو وزیراعظم ہاؤس سے دور رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ عون چوہدری کے غلط فیصلوں کے باعث تحریک انصاف کو انتخابات میں ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑا۔تحریک انصاف کو عام انتخابات میں 130 قومی اسمبلی کی نشستوں پر فتح کی امید تھی۔تاہم عون چوہدری کے مشورے پر دیے گئے غلط امیدواروں کو ٹکٹ تحریک انصاف کی کئی نشستوں پر یقینی فتح کو شکست میں بدلنے کا باعث بنے۔ اسی باعث تحریک انصاف کو حکومت بنانے کیلئے کئی چھوٹی جماعتوں کی مدد حاصل کرنا پڑی۔ ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ انتخابات کے فوری بعد اہم نشستوں پر شکست کی انکوائری کروائی گئی جس میں عون چوہدری کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔انکوائری کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد عمران خان عون چوہدری سے شدید نالاں ہیں اور ان سے ہمیشہ کیلئے راستے جدا کر لیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عون چوہدری کو وزیراعظم ہاوس سے دور رہنے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے روز عمران خان کی تقریب حلف برداری میں جہاں ان کے قریبی ساتھی اور سابق کرکٹرز نظر آئے وہیں عمران خان کے قریبی ساتھی عون چودھری کہیں نظر نہیں آئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کے سب سے زیادہ قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے ۔ عون چودھری اور زلفی بخاری عمران خان کی ہر نجی تقریب میں بھی ان کے ہمراہ ہوتے ہیں ،عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کی تیسری شادی کے موقع پر بھی تصاویر میں دیکھا گیا جبکہ اس تقریب میں عمران خان کے رشتہ دار یا کوئی پارٹی رہنما شریک نہیں تھا۔ لیکن آج تقریب حلف برداری میں عون چودھری کہیں دکھائے نہیں دیئے جس کی مبینہ وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔