اسلام آباد(نیوزڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی عمران خان سے ملنے کیلئے ان کے پاس آتے اور قائد ایوان ، وزیر اعظم کی خالی سیٹ پر بیٹھ جاتے اور چیئرمین پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے رہے ۔ ایوان میں موجود سرکاری ملازمین ان کو بتاتے کہ آپ اس کرسی پر بیٹھ نہیں سکتے کیوںکہ یہ وزیر اعظم کی کرسی
ہے جس پر وہ چونک کر اٹھ کھڑے ہوجاتے ۔رکن اسمبلی فیصل واڈا عمران خان سے ملنے آئے اور وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھ گئے اور عمران خان سے گفتگو کرتے رہے ۔ جوں ہی اسمبلی کے ملازم نے ان کو وزیر اعظم کی کرسی پر دیکھا تو انہوں نے ان کو بتایا کہ یہ وزیراعظم کی کرسی ہے اس پر آپ نہیں بیٹھ سکتے جس پر وہ کرسی چھوڑ کر کھڑے ہو گئے اور دوسرے کھڑے ساتھیوں کے ساتھ عمران خان سے گفتگو کرتے رہے جب کہ پی ٹی آئی کے اراکین عارف علوی ، ڈاکٹر شیریں مزاری ، شفقت محمود ، اسد عمر کھڑے ہو کر عمران خان سے گفتگو کرتے رہے ۔کچھ دیر بعد پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ملک فاروق اعظم وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھ گئے اور عمران خان سے گفتگو کرتے رہے جونہی اسمبلی کے ملازم کی نظر پڑی تو انہوںنے اسپیکر قومی اسمبلی کو بتایا کہ ہم نے کئی مرتبہ پی ٹی آئی کے اراکین کو کہا کہ یہ کرسی وزیر اعظم کی ہے لیکن پھر بھی کوئی نہ کوئی آکر اس پر بیٹھ جاتا ہے اس پر سپیکر ایاز صادق نے ملک فاروق اعظم سے کہا کہ یہ کرسی وزیر اعظم کی ہے جب تک کوئی وزیرا عظم نہین بن جاتا ہے اس پر کوئی نہیں بیٹھ سکتا جس پر ملک فاروق اعظم فوری طور پر اٹھے اور چلے گئے جس کے بعد کوئی رکن اس کرسی پر نہیں آکر بیٹھا اور کھڑے ہو کر ہی عمران خان سے باتیں کرتے رہے ۔