اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے نمبرز میں مزید اضافہ ہوگیا، 13 میں سے 9 آزاد ارکان قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوچکے، شامل نہ ہونے والے آزاد ارکان میں سے علی نواز شاہ اور اسلم بھوتانی تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے، جبکہ محسن داوڑ اور علی وزیر بھی حمایت کیلئے راضی
ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز چئیرمین پاکستان تحریک انصاف و نامزد وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں مشاورتی اجلاس ہوا۔ اہم پارٹی رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر کے انتخاب پر تبادلہ خیال ہوا اور وفاقی کابینہ کے ناموں سمیت اہم امور پر مشاورت کی گئی۔جہانگیر ترین نے آزاد اراکان سے ہونے والے رابطوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ 13 میں سے 9 آزاد ارکان قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوچکے ہیں۔ پی ٹی ئی میں شامل نہ ہونے والے آزاد ارکان میں سے علی نواز شاہ اور اسلم بھوتانی تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے جبکہ محسن داوڑ اور علی وزیر بھی حمایت کریں گے۔ مشاورتی اجلاس میں جہانگیر ترین،، نعیم الحق، اسد عمر،، عامر کیانی سمیت دیگر رہنمائ شریک تھے۔دوسری جانب میڈیارپورٹس کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی تحریک انصاف کے رویے سے نالاں ہے زبیدہ جلال کی زیر صدارت بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کا اہم اجلاس ہوا۔اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے پر غور شروع کر دیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے بلوچستان عوامی پارٹی کو وفاق میں وزارتوں کی یقینی دہانی نہیں کرائی، اہم عہدوں پر ووٹ دینے کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان کا سوچ بچار جاری ہے۔