اسلام آباد(نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے حقیقی تبدیلی لانے کی ٹھان لی۔ پی ٹی آئی نے بہتر گورننس کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لئیے انتخابات میں اتری اور چھا گئی۔پاکستانی عوام نے تحریک انصاف پر بہت زیادہ اعتماد کا اظہار کیا اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف
نے انتخابات 2018میں شاندار اور تاریخی کامیابی سمیٹ لی ہے۔اس وقت پاکستان تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 116 تک جا پہنچی ہے جس کے مطابق تحریک انصاف اب آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت کے لیے راستہ صاف ہے جبکہ پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت کے امکانات روشن ہو چکے ہیں۔عمران خان کے پہلے خطاب نے بھی عوام کے دل جیت لئیے ہیں اور انکی امیدیں بہت بڑھ چکی ہیں۔اس موقع پر عوام فوری طور پر ایسے اقدامات کی امید رکھے ہوئے ہیں جو انقلابی ہوں۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عوامی امنگوں کے مطابق تنخواہیں، مراعات نہ لینے جیسے اعلانات کررہے ہیں۔دوسعری جانب مرکزی قیادت کی جانب سے بھی تبدیلی کے مشن کی تکمیل کے لیے بڑا قدم اٹھانے کی ٹھان لی۔ پاکستان تحریک انصاف نے مختلف شعبوں میں بہتری لانے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اہم عہدوں پر فائز رہنے والی شخصیات کو نئی حکومت میں ذمہ داریاں دینے پر غور بھی جاری ہے۔ تحریک انصاف حکومت میں پرویز مشرف دور کے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عطا الرحمان اور سابق وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ عمران خان نے سابق وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل کو بھی بنی گالہ طلب کر لیا ہے۔ معروف صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کی اور معیشت کی بحالی کے لیے تجاویز پیش کیں۔