اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیکس شرح میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، تمام اداروں کے سربراہان کی تقرریاں میرٹ پر کریں گے، اگلے چھ ماہ کے اندر عوام کو تبدیلی اور بہتری نظر آجائے گی، ایل این جی معاہدوں سمیت جس نے بھی معاہدے کئے سب عوام کے سامنے لائے جائیں گے، سوئس
بینکوں میں موجود دو سو ارب ڈالرز کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی، قوم کا جتنا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے، ہم نے ہر حال میں واپس لانا ہے، بد عنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے اپنے منشور کے مطابق کام کریں گے۔انہوں نے یہ بات اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معشیت کی موجود صورتحال کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کے ٹیکس کے پیسے کا حکومت جوابدہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس شرح میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا تاہم جن شعبوں پر ٹیکس لاگو ہونا چاہیے ان کو ٹیکس نیٹ میں لے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے حوالے سے ایسا قانون بنائیں گے جس کے تحت وہ ایف بی آر نرغے میں آنے کی بجائے اپنی سہولت کے مطابق ٹیکس جمع کرائے۔انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے سربراہان کی تقرریاں میرٹ پر کریں گے، کئی لوگ ہماری نظر میں ہیں مگر ان کو ایک شفاف عمل کے ذریعے مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بہتر سے بہتر لوگوں کو اداروں میں بیٹھائیں۔ایک سوال کے جواب میں اسد عمر نے کہا کہ اگلے چھ ماہ کے اندر عوام کو تبدیلی اور بہتری نظر آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں معلومات چھپائی جاتی تھی مگر ہم کوئی چیز قوم سے نہیں چھپائیں گے ، اگر کسی بھی جگہ پر بھی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی تو وہ بھی عوام کے سامنے لائیں گے، تمام معاہدوں اور حقائق کو سامنے لایا جائے گا، ایل این جی معاہدوں سمیت جس نے بھی معاہدے کئے سب عوام کے سامنے لائے جائیں گے، میں بطور وزیر خزانہ قوم سے کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا۔انہوں نے کہا کہ آٹو موبائل انڈسٹری کا پرفارمنس آڈٹ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث صدر نیشنل بینک سعید احمد کو فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں میں موجود دو سو ارب ڈالرز کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی، قوم کا جتنا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے، ہم نے ہر حال میں واپس لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسحق ڈار کے پاسپورٹ کو کینسل اور واپس لانے کا جو قانون ہے اس پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک میں قانون کی حکمرانی ہو گی، آصف زرداری اور عام آدمی سمیت ہر کسی پر قانون متوازی لاگو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کم اور لیبر زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معشیت حکومت نہیں چلائی گی مگر حکومت معشیت کی بہتری کیلئے سہولت کار بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے اپنے منشور کے مطابق کام کریں گے، اگر تحریک انصاف بدعنوانی کے حوالے سے کسی بھی مرحلے پر جھول دکھاتی ہے تو اس سے پارٹی کو شدید سیاسی نقصان پہنچے گا۔