خیرپور(سی پی پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے جلد بازی میں نکاح کیا ہے جو زیادہ دیر نہیں چلے گی اور جلد طلاق ہو جائے گی۔نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کے سابق صوبائی وزیرمنظور وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم تو پی ٹی آئی پر دھاندلی کے الزامات لگا رہی تھی
لیکن نکاح بھی اسی سے کرلیا، اس پر ہمیں بہت تعجب ہے، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین جن آزاد ارکان کو جہاز میں لے کر جا رہے ہیں وہ واپس بس اور ٹرین میں آئیں گے اورعمران خان کی حکومت اگر بن بھی گئی تو دو سال سے زیادہ نہیں چلے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنے دعوے کی وجہ سے مدت پوری نہیں کرسکیں گے، وہ ایک کروڑ نوکریاں اور ایک کروڑ گھر کہاں سے بنوائیں گے،اب حزب اختلاف کی جماعتوں کے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے اس لیے جلد چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئے گی۔