اسلام آباد (نیوزڈیسک) تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی نوجوان وزیراعلی لانے کا عندیہ دے دیا، پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لئے ارکان کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی ہے، پنجاب کا وزیراعلی ایک نوجوان ہوگا: میاں محمود الرشید۔ تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کے سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے وفاق میں
115 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔اس کے علاوہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ کیا اور پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں 20 آزاد امیدواروں نے شمولیت اختیار کر لی ہے، جبکہ ق لیگ نے بھی تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یوں تحریک اںصاف کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں ان کی نشستوں کی تعداد 160 سے تجاوز کر گئی ہے۔جبکہ پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نشستوں کی تعداد 149 ہے۔ تاہم مطلوبہ نمبرز پورے کرنے کے باوجود تحریک اںصاف تاحال وزیراعلی پنجاب کے نام کا حتمی اعلان نہیں کر سکے۔ وزارت اعلی پنجاب کیلئے تحریک اںصاف کے کئی رہنما دعویدار بن کر سامنے آئے ہیں۔ ان رہنماوں میں شاہ محمود قریشی،، علیم خان،، فواد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شامل ہیں۔تاہم اب اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما محمود الرشید نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مرتبہ پنجاب کا وزیراعلی ایک نوجوان ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے مرکز اور پنجاب میں حکومتیں بنانے کے لئے ارکان کی مطلوبہ تعداد حاصل کر لی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ عمران خان جلد پنجاب کے وزیراعلی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن،، تعلیم،، صحت اور پانی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔