Sunday January 19, 2025

خیبر پختونخواہ میں اقتدار کی جنگ ،پرویز خٹک نے دو وزیر اعلیٰ بنانے کی تجویز دے دی

پشاور (نیوزڈیسک) خیبر پختونخواہ میں اقتدار کی جنگ زور پکڑ گئی۔۔پرویز خٹک کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اجلاس میں کہا گیا ہے تو عاطف خان کو وزیراعلیٰ بنانا ہے تواڑھائی اڑھائی سال کے لیے دو وزیراعلیٰ بنائیں۔اڑھائی سال کے لیے عاطف خان اور اڑھائی سال کے لیے شاہ فرمان کو وزیراعلیٰ بنایا جائے۔

 

تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے بعد ملک میں تحریک انصاف کی نئی حکومت بننے جارہی ہے، تحریک انصاف 115نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ، مسلم لیگ ن 64 نشستوں کے ساتھ دوسری جبکہ پیپلزپارٹی تیسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔۔پنجاب میں بھی پاکستان تحریک انصاف 123 نشستیں حاصل کرکے صوبے کی دوسری بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے اور اب آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر آنے والے دنوں میں پنجاب میں حکومت بنانے کی دعوے دار ہیں۔اسی طرح خیبر پختونخواہ میں پاکستان تحریک انصاف 65 نشستوں کے ساتھ بھاری اکثریت سے حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔تاہم تازہ ترین خبروں کے مطابق خیبر پختونخواہ میں اقتدار کی جنگ زور پکڑ گئی ہے۔اس حوالے سے دو بڑے دھڑے تحریک انصاف میں سامنے آ چکے ہیں۔۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت عاطف خان کو بطور وزیر اعلیٰ لانا چاہتی ہے تو دوسری جانب پرویز خٹک اور تحریک انصاف کے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے عاطف خان کو بطور وزیر اعلیٰ لانے کی مخالفت کردی ہے۔پرویز خٹک بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کیلئے بضد ہیں۔ پرویز خٹک کو عمران خان کی جانب سے تلقین کی گئی ہے وہ قومی اسمبلی کا حصہ بنیں، تاہم اس حوالے سے بھی سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے بڑی شرط عائد کی ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر انہیں قومی اسمبلی کا حصہ بنانا ہے، تو پھر بھی وہ عاطف خان کو وزیراعلی خیبرپختونخواہ بنانے کی حمایت نہیں کریں گے۔اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک اپنے داماد کو خیبرپختونخواہ کا وزیراعلی بنوانا چاہتے ہیں۔ تاہم عمران خان پرویز خٹک کی اس خواہش کو کسی صورت پوری نہیں کریں گے۔ اس وقت عاطف خان ہی خیبرپختوںخواہ کی وزرات اعلی کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔اس حوالے سے پرویز خٹک گروپ کی جانب سے ایک اور تجویز سامنے آئی ہے۔۔پرویز خٹک کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔اجلاس میں کہا گیا ہے تو عاطف خان کو وزیراعلیٰ بنانا ہے تواڑھائی اڑھائی سال کے لیے دو وزیراعلیٰ بنائیں۔اڑھائی سال کے لیے عاطف خان اور اڑھائی سال کے لیے شاہ فرمان کو وزیراعلیٰ بنایا جائے۔تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کو کرنا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔

FOLLOW US