لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں اکثریت ملنے پر حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں (ن) لیگ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے ،جمہوری روایات کا پاس کیا جائے ، اگر حکومت بنانے سے روکا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں گے، ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، تمام تر تحفظات
کے باوجود چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے ،،عمران خان کی تقریر میں باتیں بہت اچھی تھیں لیکن ہم دیکھیں گے وہ اپنی باتوں پر کتنا عمل کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب اور دیگر کے ہمراہ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب تعلیم اور صحت کے میدان میں خیبر پختونخوا سے آگے ہے، مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے طول و عرض میں شاندار ہسپتال بنائے ہیں،صوبے بھر میں 19 یونیورسٹیاں بنائی گئیں، پوری قوم اور بالخصوص پنجاب میں لوگوں نے بھرپور ووٹ دیئے ،ہماری کارکردگی کی وجہ سے عوام نے ہمیں ووٹ دیئے ۔قوم کو یاد دلاتا ہوں کہ 2013ء میں نواز شریف نے عمران خان کے مینڈیٹ کا احترام کیا اور انہیں خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا۔ اب پنجاب میں مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، ہماری جماعت کی صوبائی اسمبلی میں 129 نشستیں ہیں۔ ہم پیپلز پارٹی ،ہم خیال ار مسلم لیگ (ق) سے بھی بات کریں گے اور اگر حکومت بنانے سے روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ہمیں اقتدارکی ہوس نہیں لیکن جمہوری اقدار کا خیال رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کی گاڑی کو ہم آہنگی کے ساتھ آگے لے کر چلیں، ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، تمام تر تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے کیونکہ جمہوریت میں خرابی کا علاج ہے اور جمہوریت۔تمام تر تحفظات کے باوجود ہم قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی وزیر اعلی پنجاب کے لئے مشاورت کریں گے،پارٹی فیصلہ کرے گی کہ شہباز شریف وفاق میں جائیں گے یا پنجاب میں رہیں گے۔عزت اللہ کی ذات دیتی ہے کرسیاں آتی جاتی رہتی ہیں،،نواز شریف اور شہباز شریف نے ایسے کام کیئے ہیں کہ عوام ان کی عزت کرتی ہے۔حمزہ شہباز نے الزام لگایا کہ انتخابات میں پری پول دھاندلی کی گئی، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا جسے ایکسپوز کریں گے، ہمارے کارکنوں کو مارا پیٹا گیا جس کے بارے میں ہم قوم کا آگاہ کرتے رہیں گے۔۔عمران خان کی تقریر سے متعلق سوال پر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں باتیں بہت اچھی تھیں لیکن عمل کرنا پڑے گا۔ ہم دیکھیں گے عمران خان اپنی باتوں پر کتنا عمل کرتے ہیں۔ ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکا پڑا اس کو ایکسپوز کریں گے۔