اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن مخالف سیاسی جماعتوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کا سب سےزیادہ مذاق اس بات پر اڑاتے ہوئے دکھائی اورسنائی دیتے ہیں کہ یہ پرچی پڑھ کر پریس کانفرنسیں اور تقریریں کرنے والے سیاستدان ہیں جن کی پرچیاں اگر الٹ پلٹ ہو جائیں تو ساری کی ساری تقریرہی گڈ مڈ ہوجائے ۔
لیکن سوشل میڈیا پر گردش کرتی تحریک انصاف کی خاتون رہنما سیدہ سونیا علی کی ایک پریس کانفرنس کی ویڈیو نے تو” اوروں کو نصیحت خود میاں فصیحت ” کے محاورے کا مصداق ہی کر ڈالا ہے۔پی ٹی آئی کی خاتون رہنما پریس کانفرنس کے دورن کسی کار حادثے سے لاتعلقی کے اظہار کرتے ہوئے اسے مخالفین کی ساز ش قرار دے رہی تھیں اور ان کے سامنے مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات سے تعلق رکھنے والے نمائندے موجود تھے۔ سونیا علی اپنے ہاتھ میں ہی کاغذ اٹھائے ہوئے تھیں جس پر اس پریس کانفرنس “کا سکرپٹ ” تحریر تھا ۔ سونیا علی کاغذ پر درج وہ تحریر اس طرح سے پڑھ رہی تھیں جیسے کسی سرکاری سکول میں کسی اوسط سے بھی کم درجے کی ذہانت رکھنے والے طالب علم کو کتاب کا کوئی حصہ پڑھنے کےلئے کہا جائے اور وہ اردو تحریر کو بھی اٹک اٹک کر اور گھبراتے ہوئے پڑھ رہا ہوں۔ اس سکرپٹ کو پڑھنے کے دوران بار بار سونیا علی کو رکنا پڑا اور معذرت خواہانہ الفاظ کے ساتھ تحریر نئے سرے سے پڑھنی پڑ ی۔ ان کی معاونت اور رہنمائی کےلئے ان کے قریبی افراد باری باری ان کے پاس آکر بیٹھ کر ان کی مدد کرتے رہے۔