کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کو آمدہ الیکشن میں سندھ میں بھی مشکلات درپیش ہیں ۔ جہاں کئی بڑی سیاسی جماعتوں اور گروہوں کے سیاسی اتحاد کی وجہ سے کئی دہائیوں سے صوبے میں حکومت کرنے والی جماعت پیپلزپارٹی خطرات میں گھر گئی ہے ۔سندھ ڈیموکریٹک الائنس اورمتحدہ مجلس عمل کے مابین سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پراتفاق ہوگیا۔
مجلس عمل سندھ نے جی ڈی اے سے انتخابی اتحاد کی بھی منظوری دے دی۔ فائنل انتخابی معرکہ میں سندھ بھرسے مشترکہ امیدوارہونگے۔ سندھ اسمبلی کی 20 نشستوں پرسیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی گئی ۔متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ ڈیموکریٹک الائنس سے صوبائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مجلس عاملہ نے منظوری دیدی ہےجلد ہی ایم ایم اے اور جی ڈی اے کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کر کے مشترکہ طورپر اتحاد کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے گذشتہ 10 سالوں میں سندھ کی تباہی اور عوام کا خون چوسنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ 25 جولائی عوام دشمن قیادت سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لینے کا بھترین موقع ہے