Monday September 23, 2024

“یہ سارے تو لوٹے اور نیب زدہ لوگ ہیں، ہم پارٹی کے کارکن تھے” علی محمد خان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ۔، ٹکٹ نہ ملنے پر دل کی بھڑاس نکال ہی ڈالی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے الیکشن 2018ء کیلئے پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا الزام پارٹی میں موجود اسٹیٹس کو کے حامیوں پر عائد کر دیا ہے ایک بیان میں علی محمد خان نے انہیں ٹکٹ نہ دینے کا الزام پارٹی میں موجود اسٹیٹس کو کے حامیوں پر عائد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ پارٹی

میں موجود اسٹیٹس کو ان کے خلاف ہے ،ٹکٹ ملے یا نہ ملے وہ تحریک انصاف کا حصہ رہیں گے ۔علی محمد خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے پارٹی چیئرمین عمران خان لوٹوں اور نیب زدگان کے بجائے کارکنوں کی حمایت میں فیصلہ دیں گے ۔انہو ں نے کہاکہ حق ، میرٹ اور احتساب کیلئے آواز اٹھانا کچھ لوگوں کو ناگوار گزرا ہے ۔ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ ایم این اے اور وزارتوں کے چکر کے لیے نہیں ہوں، میں ایک متحرک کارکن ہوں اور اس تحریک کا حصہ ہوں اور جب ہم تحریک کا حصہ ہوتے ہیں تو ہمیں اپنے لیڈر کے ساتھ چلنا پڑتا ہے مجھے اپنے لیڈر سے پوری اُمید ہے، ان پر مکمل اعتماد ہے۔ علی محمد خان نے نجی ٹی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران کیلئے نہیں پاکستان کیلئے تحریک انصاف کا حصہ ہوں، جب تک پاکستان ٹھیک نہیں ہوتا، عمران خان کیساتھ ہوں اور تحریک انصاف کو سپورٹ کرونگا، میں بعض اوقات وہ بات بھی کردیتا تھا جو پارٹی کیخلاف ہوتی تھی لیکن پاکستان کیلئے اچھی ہوتی تھی۔

FOLLOW US