اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور میں یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ کنونش میں سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف تک ایک کارکن کے مصافحہ کرنے کی غرض سے پہنچنے کی کوشش کے حوالے سے پیش آئے واقعے پر معروف خاتون صحافی اور سماجی کارکن ریحام خان کا بھی رد عمل سامنے آگیا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ریحام خان نے نوازشریف کےلئے مامور سکیورٹی کی خلاف ورزی کو ناقابل قبول قرار دےدیا ہے۔ ریحام خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ آپ کسی بھی انسان کی ذاتی سکیورٹی کی خلاف ورزی کیسے کر سکتے ہیں جیسا کہ آج نواز شریف کے ساتھ ہوا۔ واضح رہے کہ ریحام خان کی آپ بیتی پر مبنی ایک کتاب جلد برطانیہ ، پاکستان ، بھارت اور ترکی میں منظر عام پر آنے والی ہے۔